کراچی: ’را‘ سے تعلق رکھنے والے 4 ایجنٹس گرفتار
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سے مزید تفتیش جاری ہے

کراچی (ویب ڈیسک): سندھ پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) اور حساس ادارے نے کراچی کے علاقے قائد آباد میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے تعلق رکھنے والے 4 مبینہ ایجنٹس کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایس ایس پی ایس آئی یو شعیب میمن نے کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گرفتار ملزمان بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے کرنل رنجیت سے براہِ راست رابطے میں تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایس ایم جی رائفل، ایک ایم پی فائیو، دو پستول اور ایک چھینی گئی گاڑی بھی برآمد کی گئی۔
شعیب میمن کے مطابق گرفتار افراد حساس تنصیبات، افواج کی نقل و حرکت اور دیگر اہم معلومات دشمن کو فراہم کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ دورانِ تفتیش ملزمان نے کئی اہم اہداف کی نشاندہی بھی کی ہے۔
ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ ملزمان نے بن قاسم میں فوجی اور سی پیک تنصیبات، سجاول میں نیوی اور پاک آرمی کے اہم مقامات کی جیوٹیگ لوکیشنز، اور فوجی دستوں کی نقل و حرکت سے متعلق تفصیلات بھارتی افسران کو فراہم کیں۔
ایک سوال کے جواب میں شعیب میمن نے انکشاف کیا کہ گرفتار مرکزی ملزم محمد خان عرف ’بلو‘ سال 2009 سے بھارتی خفیہ ایجنسی کے لیے جاسوسی کر رہا تھا۔ ملزم حساس مقامات کی تصاویر اپنے موبائل فون سے لیتا تھا اور موقع ملتے ہی بارڈر کراس کرکے بھارت چلا جاتا تھا، جہاں بھارتی افسران اس کے موبائل سے ڈیٹا حاصل کرتے تھے۔
ایس ایس پی کے مطابق گرفتار چاروں ملزمان کا تعلق سجاول سے ہے اور وہ پیشے کے لحاظ سے مچھیرے ہیں۔ ملزمان متعدد بار بھارت جا چکے ہیں، جہاں انہوں نے ’را‘ سے باقاعدہ تربیت حاصل کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سے مزید تفتیش جاری ہے، اور ان کے دیگر نیٹ ورک کے سراغ لگانے کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔



