فنانس بل کے اطلاق کے بعد پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس میں اضافہ

نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (ویب ڈیسک): وفاقی حکومت کی جانب سے منظور کیے گئے نئے فنانس بل 2024-25 کے اطلاق کے بعد پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسوں میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

 وزارتِ پیٹرولیم نے پیٹرولیم لیوی اور کلائمیٹ سپورٹ ٹیکس سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق عوام کو پیٹرول، ڈیزل اور دیگر مصنوعات پر مزید بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں 8 روپے 64 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد لیوی 74 روپے 51 پیسے سے بڑھا کر 83 روپے 15 پیسے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔

اسی طرح پیٹرول پر بھی لیوی میں 8 روپے 64 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کرتے ہوئے یہ شرح 75 روپے 52 پیسے سے بڑھا کر 84 روپے 16 پیسے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔

ہائی آکٹین پر پیٹرولیم لیوی میں 2 روپے 15 پیسے کا اضافہ کر کے اسے 77 روپے 67 پیسے فی لیٹر کر دیا گیا ہے، جو پہلے 75 روپے 52 پیسے تھی۔

علاوہ ازیں، حکومت نے نئے فنانس بل کے تحت پیٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل اور ہائی آکٹین پر 2 روپے 50 پیسے فی لیٹر کلائمیٹ سپورٹ ٹیکس بھی نافذ کر دیا ہے، جس کا مقصد ماحولیاتی تحفظ کے منصوبوں کے لیے مالی وسائل اکٹھے کرنا بتایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ اضافہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب مہنگائی اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پہلے ہی عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان نئے ٹیکسوں سے مہنگائی کی نئی لہر پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

مزید خبریں

Back to top button