امریکی خاتون نے اسلام قبول کر کے دیر بالا کے نوجوان سے شادی کر لی
زلیخہ تین روز قبل پاکستان پہنچیں

اپر دیر (ویب ڈیسک): امریکی ریاست شکاگو سے تعلق رکھنے والی 47 سالہ خاتون نے اسلام قبول کر کے خیبرپختونخوا کے ضلع اپر دیر کے نوجوان ساجد زیب خان سے سادگی سے نکاح کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق مینڈی نامی امریکی خاتون اور اپر دیر کے علاقے عشیرئی درہ صدیقہ بانڈہ سے تعلق رکھنے والے ساجد زیب کے درمیان سوشل میڈیا، بالخصوص فیس بک کے ذریعے دوستی ہوئی، جو بعد ازاں گہری وابستگی میں بدل گئی۔ مینڈی نے اسلام قبول کر لیا، جس کے بعد ان کا اسلامی نام ’زلیخہ‘ رکھا گیا۔
زلیخہ تین روز قبل پاکستان پہنچیں اور اپر دیر میں ایک سادہ تقریب میں ساجد زیب سے نکاح کر لیا۔ نکاح کی تقریب مقامی روایات اور اسلامی طریقے کے مطابق انجام دی گئی، جس میں قریبی رشتہ داروں اور اہل علاقہ نے شرکت کی۔
نوجوان ساجد زیب کا کہنا ہے کہ شادی کی پیشکش زلیخہ کی جانب سے ہوئی تھی جسے انہوں نے خوشی سے قبول کیا۔ ساجد کا کہنا تھا کہ وہ اپنی زندگی کے نئے سفر پر بہت خوش ہیں۔
دوسری جانب نومسلم زلیخہ نے کہا کہ اسلام ایک خوبصورت اور پرامن مذہب ہے، جس نے ان کے دل کو چھو لیا۔ انہوں نے اپنے قبولِ اسلام کو اپنی زندگی کا بہترین فیصلہ قرار دیا۔
یہ واقعہ نہ صرف مقامی افراد کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے بلکہ سوشل میڈیا پر بھی کافی زیر بحث ہے، جہاں صارفین بین المذاہب اور بین الثقافتی ہم آہنگی کی اس کہانی کو سراہ رہے ہیں۔



