یکم جولائی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان
یکم جولائی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا امکان

اسلام آباد (ویب ڈیسک): مہنگائی کے مارے عوام پر حکومت کی جانب سے ایک اور معاشی بوجھ ڈالنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے، یکم جولائی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کے اثرات کے تحت آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرول 11 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 15 روپے فی لیٹر مہنگا ہونے کا خدشہ ہے۔
اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی) آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل سے متعلق سمری وزارت پیٹرولیم کو بھجوائے گا، جس کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان آج رات متوقع ہے۔ حتمی فیصلہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر روپے کی قدر میں مسلسل گراوٹ کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ ممکنہ اضافہ متوقع ہے، جس سے عوام پر مہنگائی کا نیا طوفان ٹوٹنے کا اندیشہ ہے۔



