وزیراعلیٰ مریم نواز کا پورے پنجاب کا فرسٹ امپریشن بدلنے کا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس دوران پنجاب، لاہور ڈویلپمنٹ پلان پر پیشرفٹ کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں مریم نواز نے پورے پنجاب کا فرسٹ امپریشن بدلنے کا فیصلہ کیا اور شہروں کے داخلی و خارجہ راستوں کو سیاتی گیٹ ویز میں بدلنے کا حکم دیا ۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ہرپراجیکٹ کی جیو ٹیگنگ، شہروں کی سجاوٹ کی مانیٹرنگ وزیراعلیٰ کریں گی، وزیر اعلی نے اوور ہیڈ برجز کے نیچے منی پارکس اور پلے ایریاز بنانے ، ہرسیوریج اورڈرینج پراجیکٹ کیلئے کھدائی کے بعد روڈز کی تعمیر و بحالی کا حکم جاری کیا ۔ پنجاب کے عوام اب دھول اور مٹی کا شکار نہیں ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈپٹی کمشنر کو اپنے شہروں کے کھلے مین ہول ڈھانپنے ، ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی جیو ٹیگنگ کرنے کا حکم دیا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈویلپمنٹ پلان کا پہلا فیز کامیابی سے مکمل ہو گیاہے اور دوسرے فیز پر کام جاری ہے۔
اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مانٹیرنگ کے لئے ہرڈی سی آفس میں کنٹرول روم اور مینجمنٹ سیل قائم کرنے کی ہدایت کر دی گئی ، بتایا گیا کہ پی ڈی پی فیز ون کے پراجیکٹس میں شفافیت سے 28کروڑ روپے کے فنڈز کی بچت ہوئی۔
پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت 7شہروں میں 23 ارب 40 کروڑ روپے کے ترقیاتی پراجیکٹ جاری ہیں، سرگودھا، ڈی جی خان، گجرات، جھنگ میں سیوریج، ڈسپوزل، ڈرینج، واٹرسٹوریج ٹینک بنائے جائیں گے، جہلم، حافظ آباد اور اوکاڑہ میں ٹرنک سیوریج، نئے ڈسپوزل اور بارشی پانی کے نکاس کے لئے ڈرینج بنیں گے۔
پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت سیوریج اور ڈرینج سسٹم کے لئے 526 مشینری یونٹ مہیاکیے جائیں گے، فیز ٹو میں 8شہروں میں سیوریج، ڈرینج اور واٹر ٹینک اور دیگر ترقیاتی پراجیکٹ مکمل ہوں گے۔
مریم نوازشریف نے کہا کہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے لئے کھودے گئے گڑھوں کو ارد گرد تار لگا کر کور کیا جائے، ہر روڈ پر مین ہول کا لیول ایک ملی میٹر بھی بلند نہیں ہونا چاہیے تاکہ لوگ ٹھوکر لگنے سے نہ گریں، ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت پنجاب بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا معیار یکساں ہونا ضروری ہے، فٹ پاتھ اورروڈز کے اطراف میں یکساں طرز اور کلر کی ٹائلیں لگائی جائیں۔
مریم نواز شریف کا کہناتھا کہ ہر شہر میں گرین بیلٹ اور گرین سپیس بنائی جائے، ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت ایک ہی یوٹیلیٹی کوریڈور بنایا جائے تاکہ پورا محلہ نہ کھودنا پڑے، بجلی کے پول سڑک کے اطراف بالکل آخر میں لگائے جائیں بیوٹیفکیشن کے بعد بجلی کے تار اور دیگر وائر منظم انداز سے لگائی جائیں، بے ہنگم تاریں نہیں نظر آنی چاہئیں، تحصیلوں میں بھی سٹریٹ لائٹس لگائی جائیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پلاسٹک نما میٹریل کے یکساں بنے ہوئے نئے مین ہول کور لارہے ہیں، فٹ پاتھ کی سائیڈ پر رنگ کرنے کی بجائے پیلے اور کالے پتھر لگائے جائیں، حکومت کو عوام کی ضرورت کا مکمل احساس ہے، ماحول کو بہتر بنائیں گے مختلف علاقوں میں اوپن ایئر جم، واکنگ ٹریک اور انٹرٹینمنٹ مرکز بنائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اوپن ایئر میں بینچ لگا کر ساتھ ساتھ چھوٹا سا فوڈ کورٹ بھی بنا دیا جائے، نجی اور سرکاری عمارتوں کے فائر سیفٹی سسٹم کا آڈٹ کرایا جائے۔ ملتان، ڈی جی خان، بھکر، وہاڑی، وزیر آباد، شیخوپورہ اور قصور کے ڈپٹی کمشنر نے پی ڈی پی پر بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہاہے کہ پنجاب ڈیولپمنٹ پروگرام پر اربوں روپے لگا رہے ہیں، جو سڑک کھودی جا رہی ہے،اس کا پلان ہونا چاہیے، پی ڈی پی کے تحت نئے مین ہولز لگائے جا رہے ہیں، کھلے مین ہولز بھی بند کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ شہروں میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب یقینی بنائی جائے، فائر سسٹم کا بھی آڈٹ کریں گے،نئے ایس او پیز بنائیں گے، جہاں جہاں شارٹ سرکٹ کا ڈر ہے وہاں مسئلہ حل کیا جائے، ترقیاتی منصوبوں میں گرین بیلٹس کا تحفظ یقینی بنایا جائے ۔
مریم نواز کا کہناتھا کہ ہر منصوبے میں بیوٹی فکیشن پلان لازمی ہونا چاہیے ، شہروں میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب یقینی بنائی جائے، شہروں میں مین ہولز کو کور کرنا یقینی بنایاجائے ، کسی بھی محکمے کو منصوبہ مکمل ہونے کے بعد سڑک کھودنے نہیں دیں گے۔



