ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: بھارت کا انکار، پاکستان فائنل میں
اب پاکستان کا مقابلہ فائنل میں آسٹریلیا چیمپئنز یا جنوبی افریقا چیمپئنز سے ہوگا۔

برمنگھم (اسپورٹس ڈیسک): ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے سیمی فائنل میں بھارت نے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف میدان میں اترنے سے انکار کر دیا، جس کے باعث پاکستان کو فائنل میں واک اوور دے دیا گیا۔
کرک انفو کے مطابق ایونٹ کا سیمی فائنل جمعرات کے روز پاکستان چیمپئنز اور بھارت چیمپئنز کے درمیان برمنگھم میں شیڈول تھا، تاہم بھارتی ٹیم نے شرکت سے انکار کر دیا، جس کے بعد منتظمین نے پاکستان کو فائنل میں جگہ دے دی۔
اب پاکستان کا مقابلہ فائنل میں آسٹریلیا چیمپئنز یا جنوبی افریقا چیمپئنز سے ہوگا۔
واضح رہے کہ بھارت اس سے قبل گروپ میچ میں بھی پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کر چکا ہے۔ اس موقع پر دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا تھا۔ بھارت کا یہ مسلسل دوسرا انکار ایونٹ کی ساکھ اور اسپورٹس مین اسپرٹ پر سوالیہ نشان بن چکا ہے۔
سیاسی کشیدگی کے سبب کھیلوں میں عدم شرکت پر ماہرین اور شائقین کرکٹ کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔



