موت سے قبل حمیرا اصغر نے کتنے لوگوں سے رابطے کی کوشش کی؟ نئے انکشافات
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر ممکن پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے

کراچی (انٹرٹینمنٹ ڈیسک): کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 میں اپنے فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی معروف اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی موت کے معمہ پر پولیس کی تفتیش جاری ہے، جس میں متعدد نئے انکشافات سامنے آئے ہیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق اداکارہ کے تینوں موبائل فونز، ایک ٹیبلٹ، ذاتی ڈائری اور دیگر دستاویزات پولیس نے اپنی تحویل میں لے رکھی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ کے موبائل ڈیٹا تک مکمل رسائی حاصل کر لی گئی ہے، تاہم اب تک کوئی ٹھوس یا اہم شواہد سامنے نہیں آ سکے۔
تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ حمیرا اصغر نے 7 اکتوبر 2024 کو دن بھر میں 14 افراد سے رابطے کی کوشش کی، لیکن ان میں سے کسی نے بھی کال یا پیغام کا جواب نہیں دیا۔ رابطے کیے جانے والوں میں شوبز سے تعلق رکھنے والا ایک معروف ڈرامہ ڈائریکٹر بھی شامل ہے، جس کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ اس وقت اسلام آباد میں موجود ہے، اور اس سے رابطہ کر لیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلیٹ سے ملنے والا ٹیبلٹ خراب حالت میں ہے اور اسے ابھی تک کھولا نہیں جا سکا، جبکہ تینوں موبائل فونز میں سے دو بغیر پاسورڈ کے تھے اور تیسرے موبائل اور ٹیبلٹ کا پاسورڈ اداکارہ کی ذاتی ڈائری میں لکھا ہوا ملا۔
تفتیشی افسران کا کہنا ہے کہ تینوں سمز حمیرا اصغر کے نام پر تھیں اور تینوں مختلف فونز میں استعمال ہو رہی تھیں، جبکہ ان موبائل فونز میں 2,215 نمبرز محفوظ تھے۔ پولیس نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ اداکارہ نے اکتوبر کے آغاز میں اپنے بھائی سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر ممکن پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے، تاہم موت کی حتمی وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم اور میڈیکل رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی ممکن ہوگا۔
واضح رہے کہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو ڈیفنس فیز 6 کے اتحاد کمرشل میں واقع ایک رہائشی عمارت کی چوتھی منزل سے ملی تھی، جب عدالتی بیلف نے کرایہ کی عدم ادائیگی پر فلیٹ کا دروازہ توڑا تھا۔ اس ہولناک واقعے نے شوبز حلقوں اور عوام کو شدید صدمے سے دوچار کیا ہے۔



