قازقستان کے ایلامن گروپ کا سونے کی کان کنی کے منصوبوں میں 20 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)قازقستان کے ایلامن گروپ نے گلگت بلتستان میں پلیسر سونے کی کان کنی کے منصوبوں میں فوری طور پر بیس ملین امریکی ڈالر سرمایہ کاری کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے.

سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے قازقستان کے ایلامن گروپ کے وفد سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع، بالخصوص گلگت بلتستان میں پلیسر سونے کی کان کنی کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے وفد کا پْرتپاک استقبال کیا اور پاکستان کے معدنی شعبے میں ان کی گہری دلچسپی کو سراہا۔ ملاقات کے دوران ایلامن گروپ نے گلگت بلتستان میں پلیسر سونے کی کان کنی کے منصوبوں میں فوری طور پر بیس ملین امریکی ڈالر سرمایہ کاری کرنے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ آئندہ مراحل میں مزید سرمایہ کاری کے امکانات سے بھی آگاہ کیا۔

وفد نے بتایا کہ وہ گلگت بلتستان کے علاقے میں پہلے ہی ابتدائی مطالعات مکمل کر چکا ہے اور وہاں پلیسر سونے کی تلاش اور ترقی کے لیے نمایاں صلاحیت موجود ہے۔ وفد نے اپنے چینی شراکت داروں کے تعاون سے جدید کان کنی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا جس کا مقصد موٴثر، پائیدار اور ماحول دوست کان کنی کے طریقوں کو فروغ دینا ہے۔

وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ایڈیشنل سیکریٹری اوّل ذوالفقار علی کے ہمراہ وفد کو وفاقی اور صوبائی سطح پر مکمل سہولت کاری کی یقین دہانی کرائی، جس میں ضابطہ جاتی معاونت، متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کاری اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ون ونڈو نظام کے تحت معاونت شامل ہے۔

وفاقی وزیر نے ایسی غیر ملکی سرمایہ کاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاشی ترقی، روزگار کے مواقع اور علاقائی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے ایلامن گروپ نے کان کنی کے منصوبوں کے ساتھ ساتھ کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت مقامی کمیونٹی کی ترقی کے اقدامات کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا، جن میں مقامی افراد کے لیے روزگار، مہارتوں کی تربیت اور سماجی بہتری شامل ہے۔

مزید بتایا گیا کہ مقامی شراکت داروں کے ساتھ مشترکہ منصوبے سے متعلق مشاورت پہلے ہی حتمی مرحلے میں مکمل کی جا چکی ہے، جس سے پاکستان کے قانونی اور ضابطہ جاتی فریم ورک کے مطابق منصوبے کے موٴثر اور ہموار نفاذ کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ ان کی قیادت میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل سہولت فراہم کرنے اور پاکستان میں ذمہ دارانہ اور پائیدار سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پوری طرح پْرعزم ہے، جو حکومت کے معاشی بحالی اور ترقی کے وڑن سے ہم آہنگ ہے۔

مزید خبریں

Back to top button