سمپسنز کی مشہور پاکستانی کرکٹر کی کار حادثے میں ہلاکت کی پیشگوئی
پوسٹ میں کسی کرکٹر کا نام نہیں لیا گیا

سوشل میڈیا پر ایک جعلی پوسٹ نے ہلچل مچا دی ہے، جس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ مشہور اینیمیٹڈ سیریز "سمپسنز” نے ایک پاکستانی کرکٹر کی کار حادثے میں ہلاکت کی پیشگوئی کی تھی۔
وائرل پوسٹ میں ایک فرضی اسکرین شاٹ دکھایا گیا جس پر لکھا گیا: "پاکستان کے عظیم کرکٹرز میں سے ایک، اچانک کار حادثے میں چل بسا… لیکن یہ کیسے ہوا؟ کیا یہ واقعی ایک حادثہ تھا؟ یا کچھ اور؟ سمپسنز نے پیشگوئی کی تھی، لیکن کسی نے یقین نہ کیا۔”
پوسٹ میں کسی کرکٹر کا نام نہیں لیا گیا، تاہم سوشل میڈیا صارفین نے تبصروں میں بابر اعظم، محمد رضوان اور شاداب خان کے ناموں کا ذکر کرنا شروع کر دیا، جس سے مداحوں میں بے چینی پھیل گئی۔
تاہم حقائق کے مطابق، "دی سمپسنز” کی اب تک کی 35 سیزنز اور 750 سے زائد اقساط میں کسی پاکستانی کرکٹر کے حادثے یا موت کا کوئی ذکر موجود نہیں۔ نہ ہی کسی منظر، کلپ یا اسکرپٹ میں ایسی کوئی پیشگوئی شامل ہے۔
سمپسنز کے کسی آفیشل پلیٹ فارم یا عالمی میڈیا میں بھی اس حوالے سے کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ یہ محض ایک جعلی، من گھڑت اور گمراہ کن پوسٹ ہے، جس کا مقصد عوامی توجہ حاصل کرنا اور سنسنی پھیلانا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس طرح کے اسکرین شاٹس جدید اے آئی امیج ٹولز یا فوٹو ایڈیٹنگ سافٹ ویئر کے ذریعے آسانی سے تیار کیے جا سکتے ہیں۔ سمپسنز کا حوالہ اس لیے استعمال کیا جاتا ہے کیونکہ ماضی میں ان کی چند اتفاقی "پیشگوئیاں” درست ثابت ہو چکی ہیں۔
ڈیجیٹل ماہرین اور میڈیا اداروں نے سوشل میڈیا صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایسی پوسٹس پر اندھا یقین نہ کریں، غیر مصدقہ دعوؤں کو شیئر کرنے سے گریز کریں اور جعلی خبروں کو پھیلانے والوں کی حوصلہ شکنی کریں۔



