رکشے کے ڈیزائن میں ہینڈ بیگ، قیمت صرف ایک کروڑ 20 لاکھ روپے

ڈیڑھ سو سالہ تاریخ رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ برانڈ نے جون کے اختتام پر نئی کلیکشن پیش کی

پیرس (ویب ڈیسک): معروف فرانسیسی فیشن برانڈ لوئی وٹان نے اپنی لگژری مصنوعات کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے رکشے کے ڈیزائن پر مبنی نیا ہینڈ بیگ متعارف کرادیا ہے، جس کی قیمت پاکستانی کرنسی میں تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔

ڈیڑھ سو سالہ تاریخ رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ برانڈ نے جون کے اختتام پر نئی کلیکشن پیش کی، جس میں مختلف طرز کے مردانہ و زنانہ ہینڈ بیگز، جوتے، کیپس اور ملبوسات شامل ہیں۔ اسی سلسلے میں متعارف کرایا گیا "رکشہ ہینڈ بیگ” اپنے منفرد ڈیزائن اور بھاری قیمت کی وجہ سے خاص توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

رکشے کے ڈیزائن میں تیار کیے گئے اس ہینڈ بیگ کا بیرونی حصہ مکمل طور پر رکشے سے مشابہت رکھتا ہے، جس میں رکشے کے پہیے، شیشہ اور دیگر نمایاں خصوصیات کو فنی مہارت کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ اندرونی حصے میں کئی خانے موجود ہیں، جو بیگ کو نہ صرف دلکش بلکہ کارآمد بھی بناتے ہیں۔

بیگ پر لوئی وٹان کا معروف لوگو بھی نمایاں طور پر آویزاں ہے، جو اس کی قیمت میں مزید اضافہ کرتا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس بیگ کی بین الاقوامی قیمت 42 ہزار امریکی ڈالر رکھی گئی ہے، جو پاکستانی روپوں میں تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ بنتی ہے۔

لوئی وٹان کی جانب سے یہ نیا ہینڈ بیگ متعارف کرائے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر اس کے چرچے شروع ہوگئے۔ صارفین نے بیگ کی قیمت اور منفرد ڈیزائن پر دلچسپ تبصرے کیے، کئی افراد نے اس ڈیزائن کو جنوبی ایشیا کے مقامی ٹرانسپورٹ کلچر کی عالمی سطح پر پذیرائی قرار دیا۔

فیشن ناقدین کا کہنا ہے کہ لوئی وٹان کی یہ نئی پیشکش صرف ایک فیشن آئٹم نہیں بلکہ ثقافتی اظہار کی علامت بھی ہے، جو مشرقی انداز کو مغربی مارکیٹ میں متعارف کروا رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button