ایشیا کپ خطرے میں؟ بھارتی میڈیا نے آئی سی سی اجلاس کو ایشیا کپ سے جوڑ دیا
بھارتی میڈیا کو ایشیا کپ کے انعقاد پر ایک بار پھر بے چینی لاحق ہوگئی ہے

لاہور (اسپورٹس ڈیسک): بھارتی میڈیا کو ایشیا کپ کے انعقاد پر ایک بار پھر بے چینی لاحق ہوگئی ہے، اور اب نئی خبر کے ذریعے دعویٰ کیا گیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سنگاپور میں ہونے والے اجلاس میں ایشیا کپ کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔
رپورٹس کے مطابق 17 سے 20 جولائی تک جاری رہنے والے آئی سی سی کے اہم اجلاس میں کرکٹ کے دیگر معاملات کے ساتھ ایشیا کپ کے مستقبل پر بھی فیصلہ متوقع ہے۔ اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی نمائندگی سید سمیر احمد اور نگران چیئرمین محسن نقوی کریں گے، جبکہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے عہدیدار بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی میڈیا کی جانب سے مسلسل ایشیا کپ کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، اور اب آئی سی سی کے اجلاس کو ایشیا کپ کے تناظر میں نیا رخ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پاکستانی کرکٹ حلقے اس تاثر کو مسترد کر چکے ہیں کہ ایشیا کپ کسی خطرے سے دوچار ہے، تاہم بھارتی میڈیا اور بی سی سی آئی کی کوششیں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے معاملات میں مداخلت کے مترادف سمجھی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ بھارتی میڈیا نے چند روز قبل دعویٰ کیا تھا کہ ایشیا کپ 5 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوگا، لیکن اس حوالے سے اب تک اے سی سی یا پی سی بی کی طرف سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی حکام ایشیا کپ کو مؤخر کرنے یا اس کا شیڈول تبدیل کرنے کی راہ ہموار کرنے کی کوشش میں ہیں، تاہم پی سی بی اور دیگر ایشیائی ممالک کی کرکٹ بورڈز اس حوالے سے کسی دباؤ کو قبول کرنے کے موڈ میں نہیں۔



