وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کا وائرل ویڈیو پر فوری نوٹس،پولیس تحقیقات میں پلاٹ پر قبضے کا دعویٰ جھوٹا نکلا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا۔ ویڈیو میں شکارپور کی مرحوم ڈاکٹر وجے کمار کی پوتی چاندنی کماری پلاٹ پر مبینہ قبضے کے خلاف احتجاج کرتی دکھائی گئی تھی۔
وزیر داخلہ کی ہدایت پر ایس ایس پی ضلع جنوبی اور متعلقہ ایس ایچ او نے خود انکوائری کی، جس کے بعد تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ پلاٹ پر کوئی قبضہ نہیں ہوا، بلکہ معاملہ کرایہ داری کے تنازع سے متعلق تھا۔ پولیس نے کرایہ داروں کے معاہدے طلب کر کے تحقیقات کو شفاف بنایا۔
ضیاء الحسن لنجار نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ مواد شیئر کرنے سے گریز کریں اور حقائق پر مبنی معلومات پر اعتماد کریں تاکہ انتشار یا غلط فہمی پیدا نہ ہو۔



