پاک فضائیہ نے دن کی روشنی میں جواب دے کر دشمن کی طاقت کا نشہ اتار ڈالا،ایئرچیف ظہیر احمد بابر سدھو

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی ساتویں سالگرہ پر سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاکستان باوقار امن چاہنے والا ایک ذمہ دار ملک ہے ، سات سال پہلے دشمن نےرات کی تاریکی میں خودمختاری چیلنج کرکے پاکستان کے عزم و صلاحیت کا غلط اندازہ لگایا۔ جبکہ پاک فضائیہ نے دن کی روشنی میں جواب دے کر عددی برتری رکھنے والے دشمن کا طاقت کا نشہ اتار ڈالا۔
ایئر چیف نے معرکہ حق میں بھارتی رافیل، ایس یو تھرٹی، ایم کے آئی، میراج ٹو تھاؤزینڈ ، مگ ٹوینٹی نائن اور بغیر پائلٹ فضائی نظام مارنے گرانے ، ایس فورہنڈرڈ نظام تباہ کرنے اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر غیر مؤثر بنانے کا حوالہ بھی دے دیا ۔
پاکستان فضائیہ نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی ساتویں سالگرہ منائی، یہ دن جدید فضائی جنگ میں عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور متوازن ردِعمل کی ایک تاریخی مثال کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ تقریب سے خطاب میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے عالمی اور علاقائی سلامتی کے پیچیدہ ماحول اور جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت کا ذکر کرتے ہوئے زور دیا کہ مارچ دوہزار اکیس سے مالی مشکلات کے باوجود پاکستان فضائیہ نے جامع جدت اور خود انحصاری کی پالیسی اپنائی اور خود کو نیکسٹ جنریشن ایئر فورس میں تبدیل کرنے کی کوشش جاری رکھی ہے۔
مئی دو ہزار پچیس میں معرکۂ حق کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب ایک بار پھر پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا گیا تو پاکستان فضائیہ نے پہلی مرتبہ مکمل اسپیکٹرم ملٹی ڈومین آپریشنز انجام دیئے، جو نہایت درستگی سے مکمل ہوئے اور دشمن کو فیصلہ کن طور پر پسپا کر دیا۔



