پولیو کے خاتمے کیلئے مسلسل محنت، ایمانداری اور مشترکہ حکمتِ عملی کی ضرورت ہے،یوسف شیخ

مٹیاری(رپورٹ:امجد راجپوت/جانو ڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے کیلئے مسلسل محنت، ایمانداری اور مشترکہ حکمتِ عملی کی ضرورت ہے، اور ماضی میں بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران اور عملہ دوسروں کے لیے مثال ہیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں تاکہ ایک صحت مند مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ مٹیاری کی جانب سے آئندہ پولیو نیشنل امیونائزیشن ڈیز (NIDs) فروری 2026 کے حوالے سے ایک آگاہی ریلی نکالی گئی، جو تعلقہ ہیڈکوارٹر اسپتال سے پریس کلب تک گئی۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ ضلع کے مختلف محکموں کے افسران، سرکاری عملہ اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی شامل تھے۔

ریلی کے بعد ڈپٹی کمشنر سیکریٹریٹ مٹیاری کے لطیف ہال میں تیاریوں سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر مٹیاری نے کی۔ اجلاس میں ضلعی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصف حسین شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-II مٹیاری اقرا جنت، اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری عبد الستار شیخ، اسسٹنٹ کمشنر ہالا ڈاکٹر مظاہر برڑو، اسسٹنٹ کمشنر سعید آباد عبدالشکور سولنگی، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نذیر ملاح سمیت محکمہ صحت کے افسران، دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندے اور سول سوسائٹی کے ارکان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران محکمہ صحت کے نمائندے نے پولیو مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ پولیو NIDs دو فروری سے پانچ فروری تک جاری رہیں گی۔ مہم کے دوران ضلع مٹیاری میں ایک لاکھ اکیاسی ہزار سات سو بائیس بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے 648 ٹیمیں، 38 یونین کونسل میڈیکل آفیسرز (UCMOs) اور 3 تعلقہ سپروائزر مقرر کیے گئے ہیں۔

اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر مٹیاری نے ماضی کی پولیو مہم میں شاندار کارکردگی دکھانے والے افسران اور عملے میں تعریفی سرٹیفکیٹس اور شیلڈز تقسیم کیں، جبکہ متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ مہم کو مزید مؤثر اور کامیاب بنانے کے لیے میدان میں بھرپور کردار ادا کریں۔

مزید خبریں

Back to top button