یمن بحران کا فوجی حل ممکن نہیں، فوری عالمی امداد اور سفارت کاری ناگزیر ہے، پاکستانی مندوب

نیویارک (جانوڈاٹ پی کے) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے یمن کے سنگین بحران کے حل کے لیے فوری انسانی امداد اور مربوط عالمی کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس مسئلے کا کوئی فوجی حل موجود نہیں، بلکہ صرف سفارت کاری اور اقوام متحدہ کے امن روڈ میپ ہی پائیدار حل کی بنیاد بن سکتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے کہا کہ یمن کی صورتحال میں سیاسی اور انسانی پہلوؤں پر فوری اور سنجیدہ توجہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ یمن کے عوام کو بھوک، بیماری اور بے دخلی جیسے سنگین خطرات سے بچانے کے لیے ہنگامی اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر تیز، منظم اور مربوط امدادی کارروائیاں وقت کی اہم ضرورت ہیں، جبکہ تمام فریقین کو اقوام متحدہ کے طے شدہ امن روڈ میپ پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یمن کے بحران کا حل صرف انسانی امداد تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ سیاسی، انسانی اور معاشی تینوں محاذوں پر فوری اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ خطے میں دیرپا امن اور استحکام قائم ہو سکے۔

مزید خبریں

Back to top button