پاکستان کی حکومت اور عوام نے ہمیشہ قومی خودمختاری اور آزادی کا بھرپور دفاع کیا، چینی صدر

بیجنگ(جانوڈاٹ پی کے)چین کے صدر زی جن پنگ نے یومِ پاکستان کے موقع پر اپنے پاکستانی ہم منصب کو مبارک باد کا پیغام ارسال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چینی صدر زی جن پنگ نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام نے ہمیشہ قومی خودمختاری، آزادی، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کا بھرپور دفاع کیا ہے، مختلف چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے قومی ترقی کو آگے بڑھایا اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اہم کردار ادا کیا، چین، پاکستان کا قریبی دوست ہونے کے ناطے، پاکستان کی ترقیاتی کامیابیوں پر دلی خوشی محسوس کرتا ہے۔
چینی صدر نے کہا کہ رواں سال چین کے 15ویں پانچ سالہ منصوبے کا آغاز اور پاک-چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ بھی ہے، دونوں ممالک اپنی روایتی دوستی کو مزید مضبوط بناتے ہوئے اسٹریٹجک روابط اور ترقیاتی حکمت عملیوں میں ہم آہنگی کو فروغ دیں گے۔
زی پنگ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کے ساتھ مل کر پاک چین مشترکہ مستقبل کی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے اور دونوں ممالک کے عوام کے لیے مزید فوائد یقینی بنانے کے لیے کام کریں گے۔
چین کے وزیر اعظم لی چیانگ نے بھی وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو یومِ پاکستان پر مبارکباد کا پیغام ارسال کیا۔



