نیو سکھر شکارپور پھاٹک پر مہنگا اور غیر معیاری گوشت بیچنے والوں کے خلاف مشترکہ کارروائی، جرمانہ عائد

سکھر (نمائندہ جانوڈاٹ پی ک کے)اسسٹنٹ کمشنر نیو سکھر بشریٰ منصور نے ویٹرنری ڈاکٹر یاسر کھوسو کے ہمراہ شکارپور پھاٹک کے علاقے میں گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران گوشت کی مختلف دکانوں اور قصابوں کی چیکنگ کی گئی جہاں کئی مقامات پر حفظان صحت کی صورتحال انتہائی ناقص اور صحت کے اصولوں پر عمل نہیں کیا جا رہا تھا۔

چیکنگ کے دوران کچھ دکاندار مہنگا اور ہوا بھرا گوشت فروخت کرتے ہوئے پکڑے گئے جس پر اہلکاروں نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے قصابوں پر جرمانے عائد کیے گئے اور انہیں سختی سے تنبیہ کی گئی کہ وہ گوشت سرکاری نرخوں پر فروخت کریں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں۔

ویٹرنری ڈاکٹر یاسر کھوسو نے اس موقع پر گوشت کے معیار اور صحت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ غیر معیاری اور ہوا سے بھرا گوشت فروخت کرنا نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ انسانی صحت کے لیے بھی خطرناک ہے۔ انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ گوشت کی صفائی، ذخیرہ اندوزی اور فروخت کے دوران صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں۔

اسسٹنٹ کمشنر بشریٰ منصور نے کہا کہ عوام کو صاف، صحت مند اور معیاری گوشت کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی دکاندار کو ناجائز منافع کمانے یا غیر معیاری گوشت فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی شکایات کے پیش نظر اس طرح کی چیکنگ مہم جاری رہے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button