فرانس: دنیا کا معمر ترین پاپیون نسل کا کتا لازارے 30 سال کی عمر میں چل بسا


پیرس (ویب ڈیسک)فرانس میں دنیا کے معمر ترین پاپیون نسل کے کتے لازارے کی 30 سال کی عمر میں موت واقع ہو گئی۔ لازارے نے 14 مئی کی شام اپنے نئے گھر میں دم توڑا۔
تفصیلات کے مطابق لازارے کی پیدائش 4 دسمبر 1995 کو ہوئی تھی اور وہ اپنی ابتدائی زندگی اپنی پہلی مالکن کے ساتھ گزارتا رہا۔ بعد ازاں مالکن کے انتقال کے بعد اسے ایک جانوروں کی پناہ گاہ منتقل کر دیا گیا تھا۔
29 سالہ اوفیلی بودول نے گزشتہ ماہ لازارے کو اپنے گھر منتقل کر کے اس کی دیکھ بھال شروع کی تھی، تاہم کچھ ہی دنوں بعد وہ وہیں اس دنیا سے رخصت ہو گیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بڑھاپے کے باعث لازارے نہ سن سکتا تھا اور نہ ہی دیکھ سکتا تھا اور زیادہ تر وقت سوتا رہتا تھا۔ جانوروں کی فلاحی کارکن این سوفی مویاں کے مطابق اس کی عمر کی تصدیق دو مختلف رجسٹریوں سے کی گئی تھی۔
اس سے قبل پرتگال کے کتے ’بوبی‘ کو 31 سال کی عمر کے ساتھ دنیا کا معمر ترین کتا قرار دیا گیا تھا، تاہم بعد میں اس ریکارڈ پر شکوک و شبہات بھی سامنے آئے تھے۔