بھارت سے میچ نہ کھیلنے کا معاملہ، محسن نقوی کا وزیراعظم سے دوبارہ رابطے کا فیصلہ

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی درخواست کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
آئی سی سی پاکستان کو ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے پر آمادہ کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں لاہور میں آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، جن میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران چیئرمین پی سی بی نے اپنی توجہ بنگلہ دیش کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے ازالے پر مرکوز رکھی۔ محسن نقوی نے عمران خواجہ کو واضح طور پر آگاہ کیا کہ بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ حکومتِ پاکستان کا ہے اور اس میچ کے انعقاد یا منسوخی کا حتمی اختیار بھی حکومت ہی کے پاس ہے۔
ملاقات کے دوران بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے پاکستان کی جانب سے اظہارِ یکجہتی اور بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی آئندہ ایک سے دو روز میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، جس میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے یا نہ کھیلنے سے متعلق حتمی فیصلہ متوقع ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا اعلان بنگلہ دیش کے مؤقف کی حمایت میں کیا تھا، کیونکہ بنگلہ دیش نے سیکیورٹی خدشات کے باعث اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست دی تھی۔
واضح رہے کہ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ میچ نہ ہوا تو آئی سی سی کو مالی طور پر بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اسی تناظر میں سری لنکا نے بھی پاکستان سے فیصلے پر نظرِ ثانی کی درخواست کی ہے، کیونکہ اسے بھی مالی نقصان کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب اماراتی کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ سے باضابطہ رابطہ کرتے ہوئے 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر دوبارہ غور کرنے پر زور دیا ہے۔



