عالمی بینک کی رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرحِ نمو 3 فیصد رہنے کی پیشگوئی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) عالمی بینک نے عالمی معاشی امکانات سے متعلق اپنی تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں پاکستان کی رواں مالی سال کے دوران معاشی شرحِ نمو 3 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے تخمینے میں 0.1 فیصد کمی کی گئی ہے، جس کے بعد موجودہ مالی سال میں معاشی شرحِ نمو 3 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ حکومت نے اقتصادی ترقی کا ہدف 4.2 فیصد مقرر کر رکھا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2026-27 کے دوران پاکستان کی معاشی شرحِ نمو 3.4 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔ عالمی بینک کے مطابق حالیہ سیلاب کے بعد زرعی شعبے کی بحالی سے معیشت کو سہارا ملنے کی توقع ہے، جبکہ تعمیرِ نو اور بحالی کے منصوبوں سے مجموعی معاشی سرگرمیوں میں بہتری آ سکتی ہے۔
عالمی بینک نے مزید بتایا کہ غذائی اشیاء کی قیمتوں میں کمی کے باعث مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق شرحِ سود میں کمی کے باوجود مانیٹری پالیسی کو محتاط رکھا گیا ہے تاکہ مالی استحکام برقرار رکھا جا سکے۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ امریکی ٹیرف میں ممکنہ اضافے سے پاکستان کی برآمدات متاثر ہو سکتی ہیں، جبکہ درآمدات میں اضافے کے نتیجے میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں بھی اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ ترسیلاتِ زر کے معمول پر آنے سے بیرونی مالی دباؤ بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
عالمی بینک کے مطابق صنعتی سرگرمیوں میں تیزی اور بینک قرضوں میں اضافے کے آثار نظر آ رہے ہیں، جو مجموعی معاشی سرگرمیوں کے لیے مثبت اشارہ قرار دیے گئے ہیں۔ رپورٹ میں عالمی معیشت کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ 2026 میں عالمی معاشی شرحِ نمو 2.6 فیصد رہنے کا امکان ہے، جو 2027 میں بڑھ کر 2.7 فیصد تک جا سکتی ہے۔



