تعلیمی اداروں میں ہراسگی سے پاک ماحول ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، اقبال آرائیں

سکھر(جانوڈاٹ پی کے)صوبائی محتسب سندھ کے ریجنل آفس سکھر کی جانب سے خواتین کو کام کی جگہ پر ہراسگی سے تحفظ کے قانون کے بارے میں چھٹا آگاہی سیشن گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول، مینارہ روڈ، سکھر میں منعقد کیا گیا۔ سیشن کا مقصد خواتین اساتذہ اور تعلیمی عملے کو ان کے قانونی حقوق، دستیاب تحفظات اور شکایات کے مؤثر نظام سے آگاہ کرنا تھا تاکہ کام کی جگہوں پر محفوظ اور باوقار ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔ اس موقع پر صوبائی محتسب سکھر کے کنسلٹنٹ محمد اقبال آرائیں نے جامع بریفنگ دیتے ہوئے کام کی جگہوں پر ہراسگی کی ظاہری و پوشیدہ اقسام پر روشنی ڈالی اور 2010 کے قانون کے تحت فراہم کردہ قانونی تحفظات کو واضح کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہراسگی صرف انفرادی مسئلہ نہیں بلکہ اداروں کی ساکھ اور کارکردگی سے جڑا ہوا معاملہ ہے، جس کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ متاثرہ خواتین بلا خوف شکایت درج کروائیں، کیونکہ خاموشی مجرم کو تقویت دیتی ہے۔ ساتھ ہی ادارہ جاتی انتظامیہ کو شکایتی کمیٹیوں کو فعال بنانے اور محفوظ ماحول کی فراہمی کو اپنی قانونی و اخلاقی ذمہ داری قرار دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بروقت آگاہی ہی ہراسگی کے واقعات کی روک تھام کا مؤثر ذریعہ ہے اور ایسے سیشنز اداروں میں احتساب اور شفافیت کو فروغ دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو ان کے حقوق سے باخبر کرنا ہی ایک مضبوط، منصفانہ اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے۔ کنسلٹنٹ صوبائی محتسب سکھر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محتسب کا ادارہ خواتین کو فوری، شفاف اور بلا معاوضہ انصاف کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت دستیاب ہے۔ آگاہی سیشن میں ٹی ای او رخسانہ لاشاری، پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول، مینارہ سکھر ساجدہ فاروقی, ریجنل آفس کے سید منظور حسین شاھ سمیت بڑی تعداد میں اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی۔ انہوں نے صوبائی محتسب کے ادارے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور تعلیمی اداروں میں خواتین اساتذہ و طالبات کے لیے ہراسگی سے پاک ماحول کے قیام کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔



