ملازمہ کو زچگی کی چھٹیوں کے دوران نوکری سے نکالنے پر نجی ادارے کو 12 لاکھ روپے جرمانہ


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت (فوسپاہ) نے زچگی کی چھٹیوں کے دوران خاتون ملازمہ کو ملازمت سے نکالنے پر نجی ادارے پر 12 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت فوزیہ وقار کی جانب سے جاری فیصلے میں ادارے کو جرمانے کے ساتھ ساتھ جامع اصلاحی اقدامات نافذ کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
فیصلے کے مطابق شکایت گزار خاتون اکاؤنٹنگ کے شعبے میں ملازمت کر رہی تھی اور وہ منظور شدہ زچگی کی چھٹی پر تھیں کہ دورانِ چھٹی ایک فون کال کے ذریعے ان کی ملازمت ختم کر دی گئی۔
محتسب کے مطابق زچگی کی چھٹی کے دوران کسی خاتون کو ملازمت سے برخاست کرنا قانون کے تحت صنفی تفریق اور نفسیاتی ہراسگی کے زمرے میں آتا ہے، جو ایک غیر قانونی اور نقصان دہ عمل ہے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ نجی ادارے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شکایت گزار کے خلاف کسی بھی قسم کی انتقامی کارروائی سے باز رہے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے پالیسی میں بہتری لائے۔