سکھر:خواتین کی پیشہ ورانہ ترقی کیلئے بیگم نصرت بھٹو یونیورسٹی اور ضلع کونسل کے درمیان اے سی سی اے پروگرام کا معاہدہ

سکھر(جانوڈاٹ پی کے)سکھرچیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر کمیل حیدر شاہ نے خواتین کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی کے فروغ کے لیے ایک اہم اور مؤثر قدم اٹھاتے ہوئے بیگم نصرت بھٹو وومن یونیورسٹی سکھر اور ضلع کونسل سکھر کے مابین ایسوسیئیشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکائونٹس (اے سی سی اے) پروگرام کے فروغ اور خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کر دیے۔ آصفہ بھٹو زرداری کے نام سے منسوب معاہدہ سکھر اور گردونواح کی طالبات کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جس کا بنیادی مقصد انہیں عالمی معیار کی اکاؤنٹنگ اور فنانس کی تعلیم تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے طالبات کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ پیشہ ورانہ قابلیت حاصل کرنے کا موقع ملے گا، جس سے ان کے لیے ملکی و غیر ملکی اداروں میں روزگار کے بہتر امکانات پیدا ہوں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  چیئرمین ڈسٹرک کائونسل سکھر کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ اے سی سی اے جیسے بین الاقوامی پروگرام نوجوان خواتین کو معاشی طور پر مستحکم اور خودمختار بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے اور مقامی سطح پر ایسے پروگراموں کا آغاز خطے کی مجموعی سماجی و معاشی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں اور مقامی حکومتوں کے درمیان مؤثر اشتراک نہ صرف تعلیمی معیار کو بہتر بناتا ہے بلکہ نئی مہارتوں کے فروغ، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور خواتین کی عملی میدان میں شمولیت کو بھی یقینی بناتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع کونسل سکھر مستقبل میں بھی ایسے فلاحی اور تعلیمی منصوبوں کی بھرپور سرپرستی کرتی رہے گی. بیگم نصرت بھٹو وومین یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی نے کہا کہ ترقی کا حقیقی سفر تعلیم اور تحقیق سے ہی شروع ہوتا ہے۔ آج ترقی یافتہ ممالک کی کامیابی کا راز یہ ہے کہ وہ تعلیم اور یونیورسٹیوں پر کس حد تک توجہ دیتے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان میں دوسرے ضلعی چیئرمینز کو بھی ہمت دے کہ وہ تعلیمی اداروں کو اسی جذبے اور محنت سے آگے بڑھائیں۔ کمشنر سکھر نے مزید کہا کہ میرے لیے یہ فخر کی بات ہے اور میں ضلع کونسل کی ٹیم اور قومی یونیورسٹی کی ٹیم کی محنت اور لگن کو دل کی گہرائیوں سے سراہتا ہوں۔ مقررین نے اس معاہدے کو خواتین کی پیشہ ورانہ ترقی کی جانب ایک مثبت اور دور رس نتائج کا حامل اقدام قرار دیا۔ ماہرین کے مطابق اس مفاہمتی یادداشت سے نہ صرف خطے میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع میں اضافہ ہوگا بلکہ نوجوان خواتین کے لیے باعزت روزگار، مالی خودمختاری اور قیادت کے مواقع بھی میسر آئیں گے جس سے سکھر ڈویزن میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز متوقع ہے۔ تقریب میں وائس چانسلر بیگم نصرت بھٹو وومن یونیورسٹی روہڑی پروفیسر ڈاکٹر تہمینہ، متعلقہ ضلعی افسران، فیکلٹی ممبران و دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button