شدید سردی اور دھند کے باعث موسمِ سرما کی چھٹیوں میں توسیع کا امکان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)ملک کے مختلف حصوں میں شدید سردی اور دھند کی بڑھتی ہوئی شدت کے باعث موسمِ سرما کی تعطیلات میں توسیع کا معاملہ ایک بار پھر زیرِ غور آ گیا ہے۔ وزیرِ تعلیم کی جانب سے والدین اور شہریوں کی رائے لینے کے عمل میں اب تک 24 ہزار 756 افراد نے ووٹ کاسٹ کیے ہیں۔
موصول ہونے والے پول نتائج کے مطابق اکثریت نے موسمِ سرما کی چھٹیوں میں توسیع کے حق میں رائے دی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 83 فیصد شہریوں نے تعلیمی ادارے 19 جنوری سے کھولنے کی حمایت کی، جبکہ 17 فیصد افراد نے 12 جنوری سے اسکولوں اور کالجوں کی بحالی کے حق میں ووٹ دیا۔
والدین کا کہنا ہے کہ خشک اور شدید سردی کے باعث بچوں میں نزلہ، زکام اور نمونیا جیسی بیماریوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے پیشِ نظر بچوں کی صحت کے تحفظ کے لیے کم از کم مزید ایک ہفتے کی تعطیلات ناگزیر ہیں۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے والدین اور شہریوں کی آراء کا جائزہ لیا جا رہا ہے، تاہم موسمِ سرما کی چھٹیوں میں توسیع سے متعلق حتمی فیصلہ تاحال سامنے نہیں آ سکا۔



