وزیرآباد: سردی میں نزلہ زکام کے مریضوں میں اضافہ، ڈاکٹروں نے احتیاطی اقدامات کی ہدایت کر دی

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے)  چیئرمین الفضل سوسائٹی کیپٹن (ر) ڈاکٹر محمد رفیق فضل،میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹرشیراز اللہ خان،ڈاکٹر باذل رفیق  نے کہا ہے کہ موسم سرما میں شدت بڑھنے کے ساتھ نزلہ زکام کے شکار افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے،موسمی نزلہ زکام ہونے کی وجوہات میں کمزور قوتِ مدافعت، بیمار افراد سے دوری نہ رکھنا اور انفیکشن کا سرد موسم میں تیزی سے پھیلنا شامل ہیں، موسمی نزلہ زکام کے پھیلنے کی ایک بڑی وجہ وائرس کی ایک انسان سے دوسرے انسان میں آسانی سے منتقلی ہے عمومی طور پر سردی کے موسم میں اس کا پھیلاؤ اس لیے بھی بڑھ جاتا ہے کیونکہ سردی کی شدت سے قوتِ مدافعت بھی کمزور ہو جاتی ہے اور لوگ زیادہ تر گھروں میں رہتے ہیں اور تازہ ہوا کا گھروں میں داخلہ بہت کم ہوتا ہے وائرل بیماریوں سے بچاؤ کیلئے ایسی خوراک استعمال کریں جس میں وٹامن سی موجود ہو،موسمی پھلوں کو اپنی خوراک کا حصہ بنائیں تاکہ اگر آپ کو وائرل انفیکشن ہو بھی جائے تو آپ کی قوت مدافعت بہتر ہونے کی وجہ سے یہ زیادہ اثر نہ کرے۔ انفیکشن سے بچنے کے لیے کوئی خاص غذا تو نہیں ہے لیکن پھل اور سبزیوں کا استعمال زیادہ سے زیادہ ہونا چاہیے، بغیر چربی کے گوشت کھائیں اور ٹھنڈی چیزوں سے پرہیز کریں۔بچوں کے کان اور پاؤں ڈھانپ کر رکھیں،کان کھلے ہونے سے بچوں کو سردی متاثر کرسکتی ہے جس سے انہیں فلو اورزکام ہو سکتا ہے، بچوں کو بازار کی چیزوں سلانٹی،چپس اوران جیسی دیگر چیزوں کے علاوہ ٹھنڈے پانی کے استعمال سے بچائیں،اس سے ان کا گلا خراب ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔جنک فوڈ ز،مایونیز بچے زیادہ پسند کرتے ہیں جو انہیں موٹاپے کی جانب لے جاتے ہیں ان سے بھی انہیں بچانا چاہئے۔

مزید خبریں

Back to top button