حملے کیلئے دلائل موجود، معاہدہ کرنا ایران کیلئے دانشمندی ہوگی، ترجمان وائٹ ہاؤس

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولائن لیویٹ نے کہا ہے کہ ایران پر حملے کے حق میں کئی مضبوط دلائل موجود ہیں اور ایران کیلئے دانشمندی اسی میں ہے کہ وہ معاہدہ کر لے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیرولائن لیویٹ نے کہا کہ ایران کے معاملے پر کچھ پیشرفت ہوئی ہے اور ایرانی حکام آئندہ چند ہفتوں میں مزید تفصیلات کے ساتھ واپس آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران سے متعلق سفارتی کوششیں جاری ہیں اور مزید پیشرفت کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
ترجمان وائٹ ہاؤس نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جمعرات کو بورڈ آف پیس اجلاس کی میزبانی کریں گے، جس میں رکن ممالک کی جانب سے 5 ارب ڈالر سے زائد امداد کے وعدوں کا اعلان متوقع ہے، جبکہ 20 سے زائد ممالک اجلاس میں شرکت کریں گے۔
کیرولائن لیویٹ کا مزید کہنا تھا کہ امریکی حکومت کے شٹ ڈاؤن کے معاملے پر تاحال صدر ٹرمپ کی ڈیموکریٹ ارکان سے براہ راست بات چیت نہیں ہوئی۔



