بروقت آبپاشی اوربہتر موسمی حالات کے باعث گندم کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے،عامرشہزاد

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے)کسان خوشی سے نہال کھیتوں میں گندم اپنی تیاری کے آخری مراحل میں داخل ہوگئی۔ضلع وزیرآبادبھر میں گندم کی فصل اپنی تیاری کے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے جس پر کسانوں کے چہروں پر خوشی نمایاں ہے۔ڈپٹی سیکرٹری پنجاب ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ چوہدری عامرشہزادکنگ نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بروقت آبپاشی اوربہتر موسمی حالات کے باعث گندم کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔اگر آئندہ چند دن موسم سازگار رہا تو اس سال گندم کی فصل نہ صرف مقدار بلکہ معیار کے لحاظ سے بھی بہتر ہوگی۔انہوں نے مزید کہاکہ رواں برس درجہ حرارت گندم کی فصل کے لیے موزوں رہا جس کی وجہ سے بالیوں میں دانہ بھرپور طریقے سے نشوونما پا رہا ہے۔ کئی علاقوں میں فصل سنہری رنگ اختیار کر چکی ہے جو کٹائی کے قریب ہونے کی علامت ہے۔ کاشتکاروں نے کھاد اور زرعی ادویات کا بروقت استعمال کیا جس سے فصل بیماریوں اور کیڑوں سے محفوظ رہی۔انہوں نے کہاکہ کٹائی کے بعد گندم کی محفوظ ذخیرہ اندوزی کے لیے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کسانوں کو فصل خراب ہونے کے خدشات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اگر موسم اسی طرح سازگار رہا تو رواں سال گندم کی مجموعی پیداوار میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جو ملکی غذائی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔اس موقع پرمقامی کسانوں کا کہنا ہے کہ اس بار بیج کے انتخاب اور جدید زرعی طریقوں نے پیداوار میں بہتری پیدا کی ہے۔ بعض دیہات میں مشترکہ طور پر تھریشر اور کٹائی مشینوں کا انتظام کیا جا رہا ہے تاکہ بروقت کٹائی ممکن بنائی جا سکے۔ کسان تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گندم کی سرکاری خریداری بروقت شروع کی جائے اور مناسب نرخ مقرر کیے جائیں تاکہ کسانوں کو اپنی محنت کا پورا معاوضہ مل سکے۔



