ملک بھر میں آج سے بارش، پہاڑوں پر برفباری کا امکان، سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) ملک کے مختلف حصوں میں سردی کی شدت برقرار ہے، جہاں بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے کئی درجے نیچے چلا گیا ہے اور شدید سردی نے معمولاتِ زندگی متاثر کر دیے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لہہ میں درجہ حرارت منفی 10 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گوپس منفی 6، بگروٹ منفی 5، کالام اور مالم جبہ منفی 4 ڈگری تک سردی کی لپیٹ میں رہے۔ قلات اور کوئٹہ میں پارہ منفی 3 جبکہ مری میں درجہ حرارت منفی ایک ڈگری ریکارڈ ہوا۔
میدانی علاقوں میں بھی سردی کی شدت محسوس کی جا رہی ہے۔ اسلام آباد میں 3، لاہور میں 5، پشاور میں 7 جبکہ کراچی میں درجہ حرارت 13 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں آج سے بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ پنجاب، سندھ اور اسلام آباد میں بھی بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بادل برسنے اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو سرد موسم کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔



