آج سے 3 فروری تک بارشوں کا سلسلہ، مری، گلیات اور شمالی علاقوں میں خطرے کی گھنٹی

لاہور، اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)محکمہ موسمیات نے آج سے 3 فروری تک ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کرتے ہوئے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے خبردار کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی بلوچستان اور بالائی علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش اور برفباری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں بارش ہو سکتی ہے، جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں کے ساتھ مری اور گلیات میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارش اور برفباری کے باعث بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بڑھ سکتا ہے، جس کے پیش نظر شہریوں اور مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button