حکومت سندھ صاف پانی اور صفائی کے شعبے میں سنجیدگی سے کام کر رہی ہے، اسماعیل راہو

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)صوبائی وزیر برائے یونیورسٹیز و بورڈ محمد اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ اچھی صحت کے لیے صاف پینے کا پانی، سینیٹیشن اور ہائیجین انتہائی اہم ہیں، کیونکہ ان بنیادی سہولیات کی کمی کے باعث کئی خطرناک بیماریاں جنم لیتی ہیں۔ انہوں نے ایل ایچ ڈی پی کی جانب سے رورل ایڈ کے تعاون سے منعقدہ “ملٹی اسٹیک ہولڈر کنسلٹیشن” تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب واش (واٹر، سینیٹیشن اور ہائیجین) سے متعلق اسکیمیں حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہوں گی انہوں نے کہا کہ رواں سال دیگر ترقیاتی منصوبوں کے مقابلے میں واش اسکیمز کو زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت سندھ صاف پانی اور صفائی کے شعبے میں سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پیٹ کے امراض، ہیپاٹائٹس اور دیگر وبائی بیماریاں آلودہ اور غیر محفوظ پانی کے استعمال کا نتیجہ ہیں، اس لیے عوام کو صاف پانی کی فراہمی انتہائی ضروری ہے انہوں نے انکشاف کیا کہ پبلک ہیلتھ کے محکمے کی تقریباً 80 فیصد واٹر سپلائی اسکیمیں غیر فعال ہیں، جو ایک بڑا چیلنج ہے، تاہم حکومت انہیں جلد بحال کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عبدالغفار کھوسہ نے کہا کہ میڈیا کے مثبت کردار کے باعث دیہی علاقوں میں شعور میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب کئی دیہاتی اپنی مدد آپ کے تحت صاف پینے کے پانی اور صفائی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ متعدد دیہات میں کھلے میں رفع حاجت کی پرانی عادت میں نمایاں کمی آئی ہے، جس کا کریڈٹ سماجی تنظیموں اور میڈیا کو جاتا ہے، جنہوں نے مسلسل آگاہی مہمات کے ذریعے عوام کے رویوں میں مثبت تبدیلی پیدا کی عبدالغفار کھوسہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی منصوبے کی کامیابی کا دارومدار لوگوں کے رویوں میں تبدیلی پر ہوتا ہے، کیونکہ جب تک عوام خود اسے اختیار نہ کریں، منصوبے پائیدار نتائج نہیں دے سکتے۔

انہوں نے اس بات کی نشاندہی بھی کی کہ کئی آر او فلٹر پلانٹس صرف اس وجہ سے بند ہو گئے کہ ان کی مالکی نہیں کی گئی تھی، جس کے باعث ان کی دیکھ بھال نہیں ہو سکی۔ انہوں نے تجویز دی کہ اسکولوں، کالجوں اور اسپتالوں میں واش پروجیکٹ کے تحت صاف پینے کے پانی اور مناسب واش رومز کی فراہمی کو لازمی قرار دیا جائے تاکہ نئی نسل کو صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے تقریب کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ کمیونٹی کی شمولیت، شفافیت اور احتساب کو یقینی بنا کر ہی واش منصوبوں کو کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔ مزید برآں یہ بھی کہا گیا کہ پانی اور صفائی سے متعلق مسائل کو سندھ اسمبلی تک پہنچایا جائے گا تاکہ پالیسی سطح پر مستقل حل نکالا جا سکے آخر میں صوبائی وزیر نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت سندھ عوام کو صاف پانی، بہتر سینیٹیشن اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی اور واش کے جاری منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا تقریب میں ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر چائلڈ پروٹیکشن دین محمد ڈیرو، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن فوکل پرسن محمد خان سموں، سینئر صحافی شوکت میمن، سینئر صحافی عبدالشکور میمن، پروگرام مینیجر ایل ایچ ڈی پی ساوَن خاصخیلی، انوائرمنٹ آفیسر شعیب خواجہ، لعل بخش خاصخیلی اور دیگر سماجی تنظیموں کے نمائندگان اور دیہاتیوں نے شرکت کی

مزید خبریں

Back to top button