وزیرآباد: ایم ڈی واسا علی حسنین کا مین بازار میں واٹر سپلائی پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے)ایم ڈی واسا وزیرآباد علی حسنین کا مین بازار میں واٹر سپلائی پراجیکٹ کا دورہ اورشہریوں سے ملاقات۔ ایم ڈی واسا علی حسنین نے ایم او آئی اینڈ ایس شاہ رخ چیمہ، اوورسیئر عابد باجوہ اور واسا ٹیم کے ہمراہ وزیرآباد کے مین بازار میں جاری واٹر سپلائی پائپ لائن منصوبے کا تفصیلی معائنہ کیا۔ دورے کا مقصد کھدائی کے دوران موجودہ واٹر سپلائی لائنوں کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کا جائزہ لینا اور شہریوں کو درپیش مسائل کا براہِ راست مشاہدہ کرنا تھا،دورے کے دوران ایم ڈی واسا نے مختلف مقامات پر کھدائی کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی بھی صورت میں پرانی واٹر سپلائی لائن متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ معمولی سی غفلت شہریوں کے لیے بڑے مسائل پیدا کر سکتی ہے، اس لیے تمام کام انتہائی احتیاط اور پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کیا جائے۔ علی حسنین نے اس موقع پر شہریوں سے ملاقات بھی کی اور ان کے تحفظات سنے،شہریوں نے جاری ترقیاتی کاموں کے باعث پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ کیا جس پر ایم ڈی واسا نے یقین دہانی کرائی کہ واسا انتظامیہ ان مسائل سے مکمل طور پر آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی واٹر سپلائی پائپ لائن بچھانے کے بعد گلیوں اور محلوں کو پہلے سے بہتر حالت میں بحال کیا جائے گا۔ایم ڈی واسا کے مطابق منصوبے کی تکمیل کے بعد نئی ٹف ٹائلز، بہتر سیوریج نظام اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو دیرپا ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ واسا کا مقصد صرف پائپ لائن بچھانا نہیں بلکہ شہریوں کو صاف پانی اور بہتر انفراسٹرکچر فراہم کرنا ہے۔



