میرپورخاص، پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کی واپڈا کی نجکاری کیخلاف احتجاجی ریلی

میرپورخاص (شاھد میمن) پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کی جانب سے واپڈا کی نجکاری کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، حیسکو ڈویژن آفس سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں بڑی تعداد میں ورکرز، مزدور رہنماؤں اور ملازمین نے شرکت کی، ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر نجکاری کے خلاف نعرے درج تھے، جبکہ ریلی پریس کلب پہنچ کر مظاہرے کی شکل اختیار کر گئی احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے زونل چیئرمین شاہد قائمخانی، زونل وائس چیئرمین شاہد کاظمی، سکندر علی مہر، غلام نبی، دانش یامین، غلام رسول عباسی، ملک عبدالکریم، لیاقت قائمخانی، عتیق الرحمان، فرید احمد سمیت دیگر رہنماؤں نے کہا کہ قومی ادارہ واپڈا ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اس کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں مقررین کا کہنا تھا کہ نجکاری سے نہ صرف ہزاروں محنت کشوں کا روزگار متاثر ہو گا بلکہ عوام پر بھی بجلی بلوں کے مزید بوجھ کا اندیشہ ہے رہنماؤں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حیسکو میں عرصہ دراز سے خالی پڑی آسامیوں کو فوری طور پر کیا جائے تاکہ ادارے کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لیا اور خالی آسامیوں پر بھرتی نہ کی گئی تو ملک بھر میں بجلی کی فراہمی بند کر کے سخت اور نہ رکنے والا احتجاج شروع کیا جائے گا مقررین نے کہا کہ مزدور اپنی روزی روٹی کے تحفظ کے لئے ہر قانونی اور جمہوری راستہ اختیار کریں گے اور کسی صورت نجکاری کے فیصلے کو قبول نہیں کیا جائے گا احتجاجی ریلی پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی جبکہ شرکاء نے اپنا احتجاج جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔



