وزیرآباد:لائن مین کا چالان کرنے پر واپڈا نے ٹریفک وارڈنز آفس کی بجلی منقطع کر دی، 7 گھنٹے بعد مذاکرات کے بعد بحالی

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے) گیپکو ملازمین اور ٹریفک وارڈنز آمنے سامنے،چالان کرنے پر واپڈا نے ٹریفک وارڈنز آفس کی بجلی منقطع کر دی 5 لاکھ سے زائد بجلی کے بل بقایا جات ادائیگی کا مطالبہ کر دیا جبکہ واپڈا اہلکاروں نے ٹریفک وارڈنز کے بجلی سے متعلق ٹیکنیکل ایشوز پر تعاون نہ کرنے کا بھی فیصلہ۔ بجلی منقطع ہونے سے لائسنس کے حصول کے لیے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا جبکہ پولیس خدمت کاؤنٹر پر بھی کام معطل رہا دونوں جانب سے اعلی حکام کی مداخلت 7 گھنٹے بعد مذاکرات کامیاب،بجلی بحال کر دی گئی۔وزیرآباد کے علاقہ کالج روڈ پر اچانک بجلی کی ترسیل میں رکاوٹ کی وجہ سے فیڈر بند ہونے پر واپڈا گیپکو اہلکار لائن مین اور اسسٹنٹ لائن مین کالج روڈ پر پٹرولنگ کرتے ہوے ٹیکنیکل فالٹ تلاش کر رہے تھے کہ ناکہ لگائے ٹریفک وارڈنز نے واپڈا اہلکاروں کو روک کر ان سے ہیلمٹ نہ پہننے پر استفسار کیا واپڈا اہلکاروں نے تکنیکی وجوہات کی بنا پر ہیلمٹ نہ پہننے کی توضیح پیش کی لیکن ٹریفک وارڈنز چالان پر بضد رہے اس دوران دونوں محکموں کے ملازمین میں تو تکرار بھی ہوئی بالآخر ٹریفک وارڈنز نے لائن سپرنٹنڈنٹ شفاعت چیمہ،لائن مین محمد امجد کا چالان کر دیا جس پر واپڈا اہلکاروں نے فیڈر کی بحالی کا احتجاجا کام چھوڑ دیا اور واپڈا آفس آ گئے اور معاملہ کو واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین کے گوش گذار کیا جب واپڈا اہلکاروں نے چیک کیا تو ٹریفک وارڈنز کے آفس کے بجلی کے 5 لاکھ 40 ہزار کے بل بقایا جات تھے جو کئی ماہ سے واجب الادا تھے  واپڈا اہلکاروں نے ٹریفک وارڈنز کے ناروا رویہ کا فوری بدلہ لیتے ہوے ٹریفک وارڈنز آفس کی بجلی منقطع کر دی اور فوری بل ادائیگی کا مطالبہ کر دیا گیا جبکہ واپڈا اہلکاروں نے فیصلہ کیا کہ بوقت ضرورت ٹریفک وارڈنز آفس کو بجلی کے سلسلہ میں تکنیکی ایشوز پر صاف جواب دیا جائے گا اور آئندہ ان کی کوئی معاونت نہ کی جائے گی بجلی منقطع ہونے پر ٹریفک وارڈنز آفس میں لائسنس  بنوانے سمیت پولیس خدمت کاؤنٹر پر بھی شہریوں کے معاملات تعطل کا شکار ہوئے جس پر ٹریفک وارڈنز کے اعلی حکام، گیپکو کے اعلی افسران اور واپڈا الیکٹرک ہائیڈرو یونین کے چیئرمین ولی الرحمان کے درمیان مذاکرات ہوے جو 7 گھنٹے بعد کامیاب ہوے طے پایا کہ چالان کرنے والا ٹریفک وارڈن گیپکو آفس وزیرآباد میں دونوں واپڈا ملازمین سے معذرت کرے گا اور آئندہ واپڈا پٹرولنگ ٹیم کے ساتھ ٹریفک وارڈنز تعاون کریں گے ٹریفک وارڈنز کی جانب سے بجلی کے بقایا جات بھی جلد ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے ٹریفک وارڈنز کا کہنا ہے کہ دونوں طرف سے ملازمین کی ہلکی تکرار پر معاملہ پیش آیا جسے باہمی اتفاق بھائی چارے اور برابری کی سطح پر حل کر لیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button