قتل کیس کے دو اشتہاری ملزمان سعودی عرب سے گرفتار

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) ایف آئی اے نیشنل سینٹرل بیورو (این سی بی) انٹرپول نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے قتل اور اقدامِ قتل کے مقدمات میں مطلوب دو اشتہاری ملزمان کو سعودی عرب سے گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد اسحاق اور عرفان علی شامل ہیں، جنہیں سعودی عرب سے گرفتار کر کے اسلام آباد ایئرپورٹ منتقل کیا گیا، بعد ازاں دونوں ملزمان کو پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ملزم محمد اسحاق گزشتہ 17 سال سے خوشاب پولیس کو مطلوب تھا، جس کے خلاف سال 2009 میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، جبکہ ملزم عرفان علی نارووال پولیس کو سال 2020 سے مطلوب تھا اور اس کے خلاف اقدامِ قتل کے الزامات کے تحت مقدمہ درج ہے۔
ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے دونوں اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹسز جاری کر رکھے تھے۔ ملزمان کی گرفتاری انٹرپول اسلام آباد اور انٹرپول ریاض کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور تعاون کا نتیجہ ہے۔
ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد گرفتار ملزمان کو پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔



