وائرل شادی ویڈیوز پر حکیم بابر اور اہلیہ کی معذرت، “آئندہ ایسی ویڈیو نہیں بنے گی”

راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے)سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی شادی کی ویڈیوز کے بعد راولپنڈی کے بزرگ شہری حکیم بابر اور ان کی اہلیہ نے عوام سے معافی مانگ لی۔
حالیہ دنوں حکیم بابر کی شادی کی خبر اور ویڈیوز تیزی سے سوشل میڈیا پر پھیل گئیں، جس پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے اور تنقید سامنے آئی۔
اپنے ویڈیو پیغام میں حکیم بابر نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور بخشش کا مہینہ ہے، اس لیے وہ سب سے معذرت خواہ ہیں اور امید کرتے ہیں کہ انہیں معاف کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے سے سیکھا ہے اور آئندہ کسی کو ایسی ویڈیو بنانے کی اجازت نہیں دیں گے اور نہ ہی خود ایسی ویڈیو بنائیں گے۔
ان کی اہلیہ نے بھی عوام سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ انہیں درگزر کیا جائے۔
وائرل ویڈیو کے بعد جاری وضاحتی بیان میں حکیم بابر نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کی شادی باہمی رضامندی اور محبت سے ہوئی۔ عمر سے متعلق تنقید پر ان کا کہنا تھا کہ اصل چیز دل کا جوان ہونا ہے، جبکہ انہوں نے ایک طلاق یافتہ خاتون سے نکاح کو سنت پر عمل قرار دیا۔
اہلیہ نے بھی اس مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ جب دل سے محبت ہو جائے تو عمر کی قید اہم نہیں رہتی۔



