ویانا کے میوزیم سےمصری ملکہ نازلی کا تاریخی ہار دن دیہاڑے چوری

ویانا(جانوڈاٹ پی کے)ویسے تو کسی میوزیم میں چوری کرنا بہت مشکل ہوتا ہے اور ایسا جب بھی کیا جاتا ہے تو کافی منصوبہ بندی کے ساتھ اس وقت کیا جاتا ہے جب وہ خالی ہوتا ہے۔

مگر یورپی ملک آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں چور دن دہاڑے بغیر نقاب پہنے ایک میوزیم میں داخل ہوئے، ہتھوڑے سے شیشے کا ڈسپلے توڑ کر 40 لاکھ ڈالرز (ایک ارب 10 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) سے زائد مالیت کا ہیرے کا ہار لے اڑے۔

آسٹریا کے میوزیم آف اپلائیڈ آرٹس میں 2 افراد زیورات کی نمائش دیکھنے کے بہانے داخل ہوئے جہاں کسی زمانے میں مصری شاہی خاندان کی ملکیت میں رہنے والا 673 ہیروں پر مبنی ہار ڈسپلے پر رکھا گیا تھا۔

سی سی ٹی وی کیمرے میں ان دونوں کی فوٹیج بھی ریکارڈ ہوئی جو میوزیم میں جاری نمائش میں داخلے سے قبل کی تھی اور اس پر مبنی تصاویر جاری کی گئی ہیں۔

زیادہ دلچسپ یا مضحکہ خیز بات یہ ہے کہ ہار چوری کرنے کے بعد یہ دونوں ایک قریبی پارک کی جانب بھاگ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کی جانب سے دونوں مشتبہ ملزمان کی تلاش کی جا رہی ہے۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ مشتبہ ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے جس کے لیے کتوں کی مدد بھی لی جا رہی ہے، مگر 3 دن گزرنے کے باوجود فی الحال کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔

یہ ہیروں کا ہار میوزیم نے فرانسیسی جیولری ہاؤس Van Cleef & Arpels سے ادھار لیا تھا جسے 1930 کی دہائی میں مصری ملکہ نازلی کے لیے تیار کیا گیا تھا۔

اس ہار کو میوزیم کی اپنی ملکیت میں موجود اشیا کے ساتھ نمائش میں رکھا گیا تھا۔

یہ واقعہ 27 اگست کو پیش آیا تھا جس کے بعد نمائش کو کچھ دیر کے لیے بند کیا گیا مگر پھر اسے اسی دن دوبارہ عوام کے لیے کھول دیا گیا۔

28 اگست کو متاثرہ ڈسپلے کیس کو کو ایک نیلے پینل کے ذریعے ڈھانپ دیا گیا۔

مصر سے جلا وطن کیے جانے کے بعد ملکہ نازلی نے 1970 کی دہائی میں اس ہار کو فروخت کر دیا تھا۔

یہ 2015 میں ایک نیلامی میں نظر آیا جہاں اسے 43 لاکھ ڈالرز میں فروخت کیا گیا۔

میوزیم کی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ چوری سے ہمیں شدید دھچکا لگا ہے اور اب ہم اپنے سکیورٹی انتظامات پر دوبارہ نظرثانی کریں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اکتوبر 2025 میں کچھ چور دن دہاڑے پیرس میں واقع دنیا کے مشہور ترین لوور میوزیم سے 8 منٹ سے کم وقت پر کروڑوں یورو مالیت کے زیورات چرا کر لے گئے تھے۔

اسی طرح گزشتہ دنوں اسپین کے قصبے Villena کے ایک میوزیم میں موجود ایک ہزار سال پرانے خزانے کو چور چرا کر لے گئے تھے۔

مزید خبریں

Back to top button