وینزویلا کا ٹرمپ کے جاری کردہ تبدیل شدہ نقشے پر شدید ردِعمل، تصویر مسترد کر دی

کراکس (مانیٹرنگ ڈیسک) وینزویلا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جاری کیے گئے مبینہ طور پر تبدیل شدہ نقشے کی تصویر کو مسترد کرتے ہوئے اسے ملکی خودمختاری کے خلاف قرار دے دیا ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق وینزویلا کی وزارتِ داخلہ، انصاف اور امن نے اس معاملے پر سوشل میڈیا کے ذریعے سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی حکومت اس مؤقف کی توثیق کرتی ہے کہ وینزویلا ایک خودمختار ریاست ہے اور ہمیشہ رہے گا۔
وزارت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ زیرِ گردش تصویر دراصل امریکا کے براعظموں کا ایک ایسا نقشہ ہے جسے مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے تبدیل کیا گیا ہے۔ اس نقشے میں وینزویلا، گرین لینڈ اور کینیڈا کو اس انداز میں دکھایا گیا ہے جیسے وہ امریکا کے علاقے ہوں، جو حقیقت کے منافی اور گمراہ کن ہے۔
وینزویلا حکام نے اس اقدام کو غیر ذمہ دارانہ اور سیاسی اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسے ہتھکنڈے نہ صرف عوامی رائے کو گمراہ کرتے ہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر کشیدگی کو بھی ہوا دے سکتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وینزویلا اپنی جغرافیائی سالمیت اور قومی وقار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور عالمی برادری کو ایسے مواد سے ہوشیار رہنا چاہیے جو حقائق کو مسخ کر کے پیش کرے۔



