بھارتی ریاست بہارکے وزیر اعلیٰ کے عمل سے دو قومی نظریہ دوبارہ یاد آگیا، عظمیٰ بخاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے بھارتی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ کے عمل سے دو قومی نظریہ دوبارہ یاد آگیا۔
ایک بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ خدا کا شکر ہے ہم آزاد ملک میں رہتے ہیں، اس ملک اور آزادی کی قدر کریں۔
عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خاتون آفیسر کی عزت افزائی کی ویڈیو بھی شیئر کی۔
واضح رہے کہ 3 روز قبل بھارتی ریاست بہار کے شہر پٹنہ میں بی جے پی کے اتحادی بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ایک تقریب میں مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچ دیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں روایتی اور دیسی طریقہ علاج کی وزارت ‘آیوش’ کی جانب سے آیوش ڈاکٹروں کو ملازمت کا تقرر نامہ(Appointment Letter) دینے کی تقریب رکھی گئی تھی جس میں وزیراعلیٰ بہار آیوش ڈاکٹروں کو تقرر نامہ دے رہے تھے۔
نقاب کھینچنے کو بھارتی سیاسی رہنماؤں، صحافیوں اور انسانی حقوق تنظیموں نے شرمناک قرار دیا جس کے بعد بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار ریڈی کے خلاف مقدمہ درج ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لکھنو میں سماجی وادی پارٹی کی رہنما سمیہ رانا نے نتیش کمار کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے۔



