امریکا کا ویزا کن افراد کو نہیں ملے گا؟ بڑی خبر آگئی

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی محکمہ خارجہ نے مراسلہ جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کن افراد کو ویزا جاری نہیں کیا جائے گا۔

نجی ٹی وی کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے دنیا بھر میں امریکی سفارت خانوں کو نیا مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ موٹاپے اور ذیابیطس میں مبتلا افراد کو امریکا کا ویزا نہیں ملے گا۔

امریکا میں داخلے یا مستقل رہائش کے خواہشمند غیرملکیوں کو بعض بیماریوں کی بنیاد پر ویزا جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پالیسی بالخصوص ان افراد پر اثر انداز ہوگی جو امریکا میں مستقل رہائش یا طویل مدتی قیام کے لیے درخواست دیتے ہیں۔ نئی ہدایت کے مطابق افسران یہ بھی دیکھیں گے کہ آیا درخواست دہندہ اپنے علاج کا خرچ خود برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے یا نہیں۔

ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں یہ اقدام امیگریشن پالیسیوں میں سختی کے سلسلے کی ایک اور کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل بھی انتظامیہ نے متعدد ممالک کے پناہ گزینوں پر پابندیاں عائد کی تھیں اور امریکا میں داخل ہونے والے غیر ملکیوں کے لیے مختلف شرائط سخت کی گئی تھیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ذیابیطس، موٹاپا ودیگر طبی مسائل کے شکار افراد کا ’پبلک چارج‘ کے تحت ویزا مسترد کیا جاسکتا ہے، ذہنی مرض میں مبتلا شخص کو بھی امریکا کا ویزا نہیں ملے گا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق عمر، صحت اور ممکنہ طور پر سرکاری وسائل پر انحصار کے خدشے کی بنیاد پر ویزا مسترد کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا میں 10 کروڑ سے زائد افراد موٹاپے، تین کروڑ 80 لاکھ سے زائد افراد ذیابیطس کا شکار ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button