امریکی سینیٹ نے صدر ٹرمپ کو وینزویلا کیخلاف مزید کارروائی کا اختیار دیدیا

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی سینیٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو وینزویلا کے خلاف مزید کارروائی کا اختیار دے دیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق صدر کے اقدامات کو کانگریس سے مشروط کرنے سے متعلق بل سینیٹ میں 50 کے مقابلے میں 51 ووٹ سے مسترد کر دیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق تمام ڈیموکریٹ سینیٹرز کے ساتھ ری پبلکن پارٹی کے تین ارکان نے بھی بل کے حق میں ووٹ دیا، تاہم عددی برتری نہ ہونے کے باعث بل ناکام ہو گیا۔ ووٹنگ کے دوران امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے فیصلہ کن ووٹ ڈال کر صدر ٹرمپ کے مؤقف کی حمایت کی۔

دوسری جانب روس نے امریکا کے اس فیصلے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ وینزویلا میں امریکی کارروائی بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور واشنگٹن اپنے ہی وضع کردہ عالمی اصولوں کو پامال کر رہا ہے۔ ان کے مطابق امریکا کی جانب سے تجارتی پابندیاں اور غیر منصفانہ ڈیوٹیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ عالمی سطح پر اس کی پوزیشن کمزور پڑ رہی ہے۔

سرگئی لاوروف کا کہنا تھا کہ ماسکو نے یہ بھی مشاہدہ کیا ہے کہ واشنگٹن یوکرین کو نیٹو میں شامل کرنے کی کوششوں سے پیچھے ہٹنا چاہتا ہے، تاہم یورپی حلقوں کی جانب سے تجویز کردہ عارضی جنگ بندی کا مقصد مسئلے کا حل نہیں بلکہ کیف حکومت کو مہلت فراہم کرنا ہے۔

روسی وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ وینزویلا کی حکومت قومی خودمختاری اور علاقائی وقار کے ساتھ امریکی یکطرفہ اقدامات کا مقابلہ کر رہی ہے اور ملک کی اکثریت عالمی دباؤ کے باوجود اپنی آزادی برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روس، طے شدہ معاہدوں کے تحت، کاراکاس کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

مزید خبریں

Back to top button