امریکی سینیٹ میں وینزویلا پر ٹرمپ کے مزید فوجی اقدامات کیخلاف قرارداد بحث کیلئے منظور

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی سینیٹ نے وینزویلا میں صدر ٹرمپ کے مزید فوجی اقدامات کے خلاف قرارداد بحث کے لیے منظور کرلی۔
قرارداد کے حق میں 52 اور مخالفت میں 47 ووٹ آئے، ٹرمپ کی ری پبلکن پارٹی کے 5 ارکان نے بھی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جبکہ ایک ری پبلکن سینیٹر نے ووٹ نہیں دیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سینیٹ میں قرارداد کے حق میں ووٹ دینے والے ری پبلکن ارکان پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ قرارداد کے حق میں ووٹ دینے والے ری پبلکن ارکان سینیٹ کو دوبارہ کبھی منتخب نہیں ہونا چاہیے۔
امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ کو اب وینزویلا میں مزید فوجی اقدامات کے لیے کانگریس سے منظوری درکار ہوگی۔ قرارداد کا مقصد کانگریس کی منظوری کے بغیر مزید فوجی اقدام کو روکنا ہے۔
گزشتہ سال سینیٹ میں اسی نوعیت کی قراردادوں کو آگے بڑھانے کی 2 سابقہ کوششوں کو ٹرمپ کی ری پبلکن پارٹی نے روک دیا تھا۔
یاد رہےکہ چند روز قبل صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکی فوج کو دوبارہ وینزویلا بھیجنےکےلیے کسی قانون سازی کی ضرورت نہیں۔



