امریکا نے نیتن یاہو کیخلاف فیصلہ دینے والے عالمی فوجداری عدالت کے 2 ججز پر پابندی لگا دی

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکا نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف فیصلہ دینے والے عالمی فوجداری عدالت( آئی سی سی) کے 2 ججوں پر پابندی لگا دی۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ اسرائیل کا مؤقف جانے بغیر اسرائیلی شہریوں کی تحقیقات، گرفتاری، حراست یا مقدمہ چلانے کی کوششوں میں حصہ لینے والے آئی سی سی کے 2 ججوں پر پابندی لگا رہے ہیں۔
مارکو روبیو کے مطابق جارجیا اور منگولیا سے تعلق رکھنے والے دونوں جج اور ان کے اہلخانہ امریکا کا سفر نہیں کر سکتے اور ان کے امریکا میں موجود اثاثے ضبط ہوں گے۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آئی سی سی نے اسرائیل کو نشانہ بناتے ہوئے سیاسی نوعیت کے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں، جو تمام ممالک کے لیے ایک خطرناک مثال قائم کرتے ہیں۔
امریکا کی یہ پابندیاں گزشتہ سال نومبر میں آئی سی سی کی جانب سے غزہ میں مبینہ جنگی جرائم پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے پر لگائی گئی ہیں۔
دوسری جانب عالمی فوجداری عدالت نے امریکی پابندیوں کو عدالت کی خودمختاری پر کُھلا حملہ قرار دیا ہے۔



