ایران میں گرنے والے جہاز کے دوسرے ہوا باز کو بھی بازیاب کرالیا: ٹرمپ، ریسکیو آپریشن کے دوران 2 طیارے خراب

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں گرنے والے جہاز کے دوسرے ہوا باز کو بھی بازیاب کرا لیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ہوا باز کو بازیاب کرانے کے آپریشن میں درجنوں طیارے اور جدید ہتھیار استعمال کیے، زخمی افسرکی حالت خطرے سے باہر ہے، وہ بالکل ٹھیک ہو جائیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید بتایا کہ امریکا مسلسل ہوا باز کی موجودگی کے مقام کی نگرانی کر رہا تھا، امریکی فوج نےتاریخی ریسکیو آپریشنزمیں سےایک کامیابی کے ساتھ مکمل کیا، کئی گھنٹے پرمحیط کارروائی کے بعد فوجی اہلکارکوبحفاظت نکال لیا گیا۔
ٹرمپ کے مطابق فوجی اہلکارایف 15 طیارے کا ویپن سسٹم افسرتھا، طیارہ گرنے کے بعد 3 دن تک اہلکار کی تلاش جاری تھی۔
امریکی حکام کے مطابق بازیاب ہونے والا ہوا باز ایران کی جانب سے مار گرائے جانے والے ایف 15 طیارے کا دوسرا کریو ممبر تھا، عملے کے ایک رکن کو پہلے ہی بازیاب کرایا جا چکا تھا، طیارے میں پائلٹ سمیت 3 ارکان سوار تھے۔
ریسکیو آپریشن کی تفصیلات
امریکی نیوز ویب سائٹ کا دعویٰ ہے کہ افسرکی رہائی کیلئے زمینی کارروائی کی گئی، زمینی کارروائی کےدوران فضائیہ نے بھی حصہ لیا۔
امریکی ذرائع کے مطابق سپشل فورسزکی کارروائی کےدوران فضا سے نگرانی کی جاتی رہی، آپریشن انتہائی خطرے کےماحول میں کیا گیا، ایران میں کی گئی کارروائی امریکی فوج کا پیچیدہ ترین آپریشن تھا۔
فوجی افسر کویت منتقل
نیویارک ٹائمز کے مطابق ایران سے ریسکیو کیا گیا امریکی فوجی افسر کویت منتقل کر دیا گیا، خصوصی آپریشنز فورسز بشمول نیوی سیل ٹیم 6 کی مدد سے آپریشن کیاگیا۔
امریکی اخبار کے مطابق امریکی فوجی کی رہائی کیلئےآپریشن 3 ،4 اپریل کو کیا گیا، آپریشن میں سیکڑوں اہلکاروں، طیارے اور ہیلی کاپٹرزنےحصہ لیا، آپریشن میں تاحال امریکی نقصانات رپورٹ نہیں ہوئے۔
بازیابی مشن کے 2 طیارے خراب
دوسری طرف خبر ایجنسی نے خبر دی ہے کہ فوجی افسر کی بازیابی مشن کےدوران 2امریکی طیارےخراب ہوگئے تھے، امریکی فورسزنےطیارے فوری تباہ کرنےکاحکم دیا تاکہ ایران کےہاتھ نہ لگیں۔
امریکی یا ایرانی حکام کی جانب سے تاحال تصدیق نہیں ہوئی۔
قبل ازیں ایرانی فوج نے بتایا تھا کہ امریکا اپنے اس پائلٹ کو ہلاک کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو تباہ کیے گئے طیارے سے نکلنے میں کامیاب ہوکر ایران میں اتر گیا تھا۔
ایرانی میڈیا نے فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ امریکا نے آج شہر کے اسی علاقے میں کئی بار بمباری کی ہے جہاں دو روز پہلے ایرانی فوج نے امریکی طیارہ تباہ کیا تھا اور امریکی پائلٹ بچ نکلا تھا۔
اس کے علاوہ ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ اس پائلٹ کو ایرانی حکام نے ممکنہ طور پر گرفتار لیا ہے تاہم ابھی اس بات کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
پائلٹ کی ایران میں موجودگی پر بات سے گریز کرتے ہوئے ایک اہلکار نے کہا کہ امریکی پورا سچ نہیں بتا رہے، حد یہ کہ اس پائلٹ کے بارے میں بھی سچ نہیں بولا جارہا جسے بچانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔



