ٹرمپ کی اوباما اورانکی اہلیہ سے متعلق نا مناسب ویڈیو شیئر، امریکا میں شدید ردِعمل

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق صدر باراک اوباما اور سابق خاتونِ اول مشیل اوباما کی نہایت نامناسب ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹروتھ سوشل پرشیئر کردی جس نے ایک نئی بحث کو جنم دیدیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ ویڈیو ایک انتہائی متنازع، انتخابی سازشی پوسٹ کا حصہ تھی جس میں 2020 کے صدارتی انتخابات کے حوالے سے بے بنیاد الزامات بھی شامل تھے۔
ٹرمپ کی شیئر کی گئی اس ویڈیو کو غیر اخلاقی، نسلی امتیاز پر مبنی اور بدترین رویہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ریپبلکن سینیٹر ٹم اسکاٹ نے اسے صدر کی جانب سے دیکھائی جانے والی سب سے زیادہ نسل پرستانہ چیز قرار دیتے ہوئے ویڈیو کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔
اس ویڈیو کے آخری حصے میں باراک اوباما اور ان کی اہلیہ کو ایک جنگل میں نامناسب روپ میں دکھایا گیا ہے۔
اس تصویر میں دو بندروں کی شکلوں کو باراک اوباما اور ان کی اہلیہ کی تصویر سے تبدیل کیا گیا ہے جس پر نہ صرف امریکا بلکہ دنیا بھر میں تنقید کی جا رہی ہے۔
نامور ڈیموکریٹ رہنما بھی صدر ٹرمپ کے اقدام پر عدم اعتماد کا اظہارِ کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ ہر امریکی خاص طور پر ریپبلکن رہنماؤں کو بھی اس کی شدید مذمت کرنی چاہیے۔
ابتدائی طور پر وائٹ ہاؤس نے تنقید کو “جعلی غم و غصہ” قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ ایک انٹرنیٹ پر وائرل میم ہے جس میں ٹرمپ کو جنگل کا بادشاہ یعنی شیر اور ڈیموکریٹس کو رعایا کے طور دکھایا گیا۔
تاہم سخت تنقید کے بعد وائٹ ہاؤس نے اپنے ابتدائی مؤقف میں تبدیلی کرتے ہوئے بتایا کہ ویڈیو غلطی سے شیئر کی گئی تھی جسے ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ کی متنازع پوسٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا Black History Month منا رہا ہے اور اوباما ملک کے پہلے سیاہ فام صدر تھے۔



