پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر وزارت داخلہ نے جواب جمع کرا دیا

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائی کورٹ میں عثمان ڈار کی جانب سے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ECL) سے اپنا نام نکالنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ وزارت داخلہ نے عدالت میں تحریری جواب جمع کروا دیا ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق عثمان ڈار کے خلاف 9 مئی کو جی ایچ کیو پر حملے کے مقدمے میں کیس درج ہے۔ جواب میں بتایا گیا کہ راولپنڈی پولیس کی درخواست پر عثمان ڈار کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا۔
سماعت کے دوران عدالت نے ٹرائل کورٹ میں ہونے والی کارروائی کا مصدقہ تحریری فیصلہ طلب کیا اور کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔
درخواست جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے سنی، جبکہ عثمان ڈار کی نمائندگی وکیل ابوذر سلمان نیازی نے کی۔ عثمان ڈار نے لاہور ہائی کورٹ میں باقاعدہ درخواست دائر کر رکھی ہے تاکہ اپنا نام ای سی ایل سے نکالوا سکیں۔



