ایران امریکا کشیدگی: امریکا کے 150 جنگی طیارے یورپ و مشرق وسطیٰ منتقل

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا نے اپنے 150 جنگی طیارے یورپ اور مشرق وسطیٰ منتقل کر دیے ہیں، جسے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق منتقل کیے گئے جنگی طیاروں میں سے نصف سے زائد کو یورپ میں قائم امریکی اڈوں پر اتارا گیا، جبکہ باقی طیارے مشرق وسطیٰ کے مختلف فوجی اڈوں پر تعینات کیے گئے ہیں۔ دفاعی ماہرین کے مطابق یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ تصادم کے خدشات شدت اختیار کر رہے ہیں۔

دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی رابطوں کا تیسرا دور جمعرات کو جنیوا میں متوقع ہے۔ اس حوالے سے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ جوہری معاہدہ قریب دکھائی دیتا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس وقت ایک تاریخی موقع موجود ہے کہ ایسا غیر معمولی معاہدہ طے کیا جائے جو دونوں فریقین کے خدشات کا قابلِ قبول حل پیش کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معاہدہ اسی صورت ممکن ہے جب سفارتکاری کو ترجیح دی جائے اور طاقت کے استعمال سے گریز کیا جائے۔

عالمی مبصرین کے مطابق ایک جانب امریکی جنگی تیاریوں میں اضافہ اور دوسری جانب سفارتی کوششیں، خطے کو ایک نازک موڑ پر لے آئی ہیں جہاں آنے والے دن فیصلہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button