ایران کی امریکا کیساتھ مذاکرات سے پہلے اہم مطالبات کو تسلیم کرانے کی کوششیں

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے امریکا کے ساتھ مذاکرات سے پہلے اہم مطالبات کو تسلیم کرانے کی کوشش شروع کر دی ہے۔
الجزیرہ ٹی وی کے مطابق اس سے قبل ایران کی تجاویز 5 نکات پر مشتمل تھیں لیکن اب یہ امریکا کی پندرہ نکاتی تجاویز کے جواب میں دس نکات پر مبنی ہیں، ان میں پابندیوں کے خاتمے، یورینیم کی افزودگی پر کسی حد تک سمجھوتہ اور آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرگاہ کے لیے پروٹوکول شامل ہیں۔
ایران نے مطالبہ کیا ہے کہ اس گزرگاہ سے حاصل ہونے والا ٹیکس ملک کی تعمیر نو اور جنگ میں ہونے والے نقصانات کی تلافی کے لئے استعمال کیا جائے گا، ایران کا موقف ہے کہ وہ جنگ کا مستقل خاتمہ چاہتا ہے محض جنگ بندی نہیں، یہ مطالبہ پورے خطے میں تمام محاذوں پر لاگو ہوگا جس میں حزب اللہ، حوثی اور دیگر علاقائی اتحادی بھی شامل ہیں۔
ایران نے واضح کیا ہے کہ ان نکات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اگر ابتدائی طور پر کم از کم بنیادی اصولوں کے طور پر ان مطالبات کی منظوری نہ دی گئی تو سنجیدہ مذاکرات میں حصہ لینے کو تیار نہیں۔



