بھارت میں امریکی سفارتخانہ نے بچوں کی پیدائش کے لیے ویزا درخواستیں مسترد کرنے کا اعلان کر دیا

نیودہلی(جانوڈاٹ پی کے)بھارت میں امریکی سفارتخانے نے بھارتی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بچے کی پیدائش کے لیے آنے والوں کے سیاحتی ویزے اب مسترد ہوں گے۔

بھارتی میڈیاکے مطابق امریکی نظام کا غلط استعمال کرنے کی نیت سے ٹورسٹ ویزا لینے والوں کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

بھارت میں امریکی سفارتخانے نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی درخواست گزار کے بارے میں یہ تاثر ہو کہ وہ امریکا میں بچے کی پیدائش کے لیے سفر کر رہا ہے تاکہ نوزائیدہ بچےکو امریکی شہریت دلائی جا سکے تو اس کی ویزا درخواست منظور نہیں کیا جائے گا۔

سفارتخانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ  ’اگر قونصلر افسر کو یقین ہو جائے کہ سفر کا بنیادی مقصد امریکا میں بچے کی پیدائش کروا کے اسے امریکی شہریت دلانا ہے تو ٹورسٹ ویزا کی درخواست مسترد کر دی جائے گی۔ اس عمل کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی‘۔

امریکا نے سوشل میڈیا اور آن لائن موجودگی کی اضافی جانچ کو بھی وسعت دے دی ہے جو اب H-1B اسپیشلٹی ورک ویزا رکھنے والوں اور ان کے H-4 ڈیپنڈنٹس پر بھی لاگو ہوگی۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب بھارت میں متعدد ویزا درخواست گزاروں کو یہ اطلاع ملی کہ ان کی ویزا اپائنٹمنٹس ری شیڈول کر دی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی دوسری مدت صدارت کے پہلے ہی دن امریکا میں پیدائش پر شہریت ملنے کے  قانون کو منسوخ کردیا تھا تاہم امریکی عدالتوں نے اس فیصلے پر عملدرآمد روک دیا تھا۔۔

مزید خبریں

Back to top button