امریکامیں برفانی طوفان،امریکی سٹورزپر ٹوٹ پڑے

نیویارک(جانو ڈاٹ پی کے)امریکہ میں شدید سردی اور برفانی طوفان کی پیش گوئی کے بعد عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جس کے باعث لوگوں نے بڑے پیمانے پر ضروری اشیاء کی خریداری شروع کر دی ہے۔ مختلف ریاستوں میں سپر مارکیٹس اور اسٹورز پر راشن، پانی، ہیٹر، ایندھن اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاء کے لیے رش دیکھا جا رہا ہے، جبکہ کئی علاقوں میں اشیاء کی قلت کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق 10 سے زائد امریکی ریاستوں میں شدید برفباری، منفی درجہ حرارت اور خطرناک موسمی حالات کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ برفانی طوفان کے باعث سڑکوں پر آمدورفت متاثر ہو سکتی ہے، فضائی پروازیں منسوخ ہونے کا امکان ہے اور بجلی کی فراہمی میں تعطل پیدا ہو سکتا ہے۔

ریاستی اور مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، گھروں میں رہنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے۔ ریسکیو اور ایمرجنسی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہری تعاون کریں تاکہ ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button