روس میں نوجوان کا بھوک اور بے روزگاری سے تنگ آکر خود کو گرفتار کرانے کا انوکھا اقدام

ماسکو(جانوڈاٹ پی کے)روس میں ملازمت کی تلاش میں ناکامی کے بعد ایک نوجوان نے اپنی بقا کے لیے خود کو گرفتار کروانے کا انوکھا اور حیران کن فیصلہ کرلیا۔
روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمہوریہ باشکورتوستان سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ نوجوان، جس کی شناخت صرف ’اولیگ ‘کے نام سے ہوئی، روزگار نہ ملنے اور مالی وسائل ختم ہونے پر شدید مایوسی کا شکار ہوگیا تھا۔
ہائی اسکول سے فراغت اور فوج میں خدمات انجام دینے کے بعد اس نے روسی شہر اوفامیں ملازمت حاصل کرنے کی متعدد کوششیں کیں، تاہم کامیابی نہ ملنے پر اس کے پاس رہائش اور خوراک کے اخراجات پورے کرنے کا کوئی ذریعہ نہ رہا۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ موسمِ گرما میں تین دن مسلسل نوکری کی تلاش میں ناکامی کے بعد وہ ایک ہوٹل پہنچا اور عملے کو دھمکی دی کہ اس کے بیگ میں بم موجود ہے اور وہ عمارت کو اڑا دے گا۔ تاہم جب کسی نے اس کی بات پر یقین نہ کیا تو اس نے کھڑکی سے چھلانگ لگا دی اور قریبی ہوائی اڈے جا کر بھی یہی دعویٰ دہرایا۔
اس نے پولیس اور انتظامیہ کو بلانے کا مطالبہ کیا اور لوگوں کو خود سے دور رہنے کی ہدایت دی۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے مشاہدہ کیا کہ اس کے پاس کوئی بم یا ڈیٹونیٹر موجود نہیں، جس کے بعد اسے گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
بعد ازاں نوجوان نے اعتراف کیا کہ اس نے جان بوجھ کر جھوٹی دھمکی دی تاکہ اسے گرفتار کرلیا جائے اور جیل میں رہائش اور کھانے کا بندوبست ہوسکے۔



